کے ڈی اے افسران و ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے ادارہ کوشاں ہے، سمیع الدین صدیقی

سندھ حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون سے کے ڈی اے ریٹائر ڈ افسران و ملازمین کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے،ڈائریکٹرجنرل

جمعہ 25 مئی 2018 15:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ کے ڈی اے افسران و ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے ادارہ کوشاں ہے، کے ڈی اے ملازمین کے جائز حقوق کا تحفظ کرنا ادارہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی نے کے ڈی اے ریٹائرڈ افسران و ملازمین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے ریٹائرڈ افسران و ملازمین میں ادارہ کی جانب سے 2 کروڑروپے سے زائد پنشن، کوموٹیشن اور فنڈ کی مد میںچیک تقسیم کئے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ مرحلہ وار سینیارٹی کی بنیاد پر ایک فہرست مرتب کی گئی جس کے تحت افسران و ملازمین کو ادارہ کی جانب سے رقم مختص کی جائے گی، اس نظام کو فعال کرنے کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہر ماہ 2 کروڑ روپے سے زائد رقم ریٹائرڈ افسران و ملازمین میں تقسیم کرے گی۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون سے کے ڈی اے ریٹائر ڈ افسران و ملازمین کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے، سندھ حکومت ماضی میں بھی کے ڈی اے کے ہر مثبت اقدام کی مکمل تائید کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی تعاون جاری رہے گا۔ بعدازاں سی بی اے کے ڈی اے مزدور یونین کے چیئرمین عبدالمتین شیخ اور کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے سرپرست اعلیٰ نوید انور نے کہاکہ ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی کی ذاتی کاوشوں کے باعث ادارہ ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن دکھائی دیتا ہے اور کے ڈی اے مزدور یونین (سی بی ای) ڈی جی کے ڈی اے کے ہر مثبت اقدام کی بھرپور حمایت اور شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تقریب میں ڈائریکٹر فنانس شمس صدیقی، سیکریٹری کے ڈی اے فضیل بخاری، پرائیویٹ سیکریٹری ٹو ڈی جی کے ڈی اے ریاض احمد راشد، میڈیا کو آرڈی نیٹر فرمان شاہ و دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :