سندھ کی لوٹ مار کا حساب بھی نوازشریف سے ہی لیا جارہاہے،شبیر انصاری

پیپلزپارٹی والے اپنی غلطیوں اورناکامیوں کا ملبہ وفاق پر ڈال کر جان نہیں چھڑا سکتے،رہنما مسلم لیگ (ن)

جمعہ 25 مئی 2018 15:43

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبروسابق ایم این اے صاحبزادہ شبیر حسن انصار ی نے کہاہے کہ سب جانتے ہیںکہ سندھ کے حکمران ڈکیت اور ملک کے سب سے زیادہ کرپٹ سیاستدان ہیں، مگر افسوس عدالتوں میں پیشیاں ایک محب وطن بھگت رہاہے۔ سب دیکھ رہے ہیں کہ سندھ کی لوٹ مار کا حساب بھی نوازشریف سے لیا جارہاہے۔

پیپلزپارٹی والے اپنی غلطیوں اور ناکامیوںکا ملبہ وفاق پر ڈال کر جان نہیں چھڑا سکتے، سندھ میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے احتساب والے نوازشریف کے پیچھے ہاتھ دھو کرپڑگئے ہیں سارا احتساب نوازشریف کے لیے ہے یا پھرسندھ کے حکمرانوں سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی،ان خیالات کااظہا رانہوںنے درگاہ حیدرشاہ کے علاقے میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیااس موقع پرعلاقہ معززین کی بڑی تعداد موجود تھی ،انہوںنے کہاکہ ہمیںبتایا جائے کہ سندھ کی لوٹ مار کا حساب نوازلیگ سے کیوں لیا جارہاہیے ،اگر ایسا نہیں ہے تو پھر ساری کارروائیاں مسلم لیگ نواز کے حصے میں ہی کیوں آرہی ہیں ،پیپلزپارٹی کے ہردور میں سندھ میں اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں میں بڑے پیمانے پر خرد بد کی جاتی رہی ہے، عدالتیں خودتسلیم کرچکی ہیں کہ سندھ میں ڈاکو راج ہے تو پھر ان ڈاکوئوں کو پکڑاکیوں نہیں جاتا،انہوںنے کہاکہ سندھ کے کرپٹ حکمران جان بوجھ کر سندھ کے باسیوں کا استحصال کررہے ہیں ،سندھ کے وزیروں نے صوبے کی عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ان تما م ذمہ داروں کو کٹہرے میں لاکر سزادینی ہوگی تاکہ یہ سمجھا جاسکے کہ احتساب کا قانون صرف نواز لیگ کی گردن پر نہیں بلکہ یہ تمام ان حکمرانوں پر ہے جس جس نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایاہے ، انہوںنے کہاکہ سندھ میں کوئی منسٹر ایسا نہیں ہے جس نے غریبوں کا خون چوسنے میں کوئی کسر چھوڑی ہو،گزشتہ دس سالوں سے سندھ میں مسلسل لوٹ مار کا بازار گرم ہے جس پر سندھ کے حکمرانوں نے چپ سادھ رکھی ہے ،تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں ان کے پاس نہ کھانے کو کچھ ہے اور نہ ہی پینے کے لیے صاف پانی میسر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہاکہ جتنا پیسہ سندھ میں ترقیاتی کاموں کے لیے وقف کیا گیا اس کا آدھا بھی لگ جاتا تو صوبہ سندھ کی آج یہ حالت نہ ہوتی ،سندھ اسمبلی میں جتنے بھی پیپلزپارٹی کے وزیروں اورمشیروں کی فوج ہے سب قبضہ مافیا اورکرپٹ لوگوں پر مشتمل ہے ۔