سعودی عرب میں گرفتار انسانی حقوق کی تین رضا کار خواتین رہا

عائشہ المنیٰ، حیسہ الشیخ اور مدیحہ الجروش رہا تاہم اس کے پس پردہ وجوہات سے واقف نہیں،ایمنسٹی کی تصدیق

جمعہ 25 مئی 2018 15:56

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) سعودی عرب نے گزشتہ ہفتے کریک ڈاؤن کے دوران حراست میں لی جانے والی انسانی حقوق کی 3 نمایاں خواتین رضاکاروں کو رہا کردیا۔واضح رہے سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دیئے جانے سے ایک ماہ قبل شروع ہونے والے کریک ڈاون میں انسانی حقوق کے متعدد رضاکاروں کو حراست میں لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس بارے میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی کی مشرق وسطیٰ سے متعلق مہم کی ڈائریکٹر سماح حدید نے بتایا کہ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ عائشہ المنیٰ، حیسہ الشیخ اور مدیحہ الجروش کو رہا کیا جاچکا ہے تاہم اس کے پس پردہ وجوہات سے واقف نہیں۔انہوں نے سعودی حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے زیر حراست دیگر تمام رضاکاروں کو بھی غیر مشروط طور پر فوری رہا کیا جائے۔انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق گرفتار کی جانے والی ان خواتین میں زیادہ تر وہ بزرگ خواتین شامل تھیں جو سعودیہ میں ڈرائیونگ کا حق دیئے جانے اور قدامت پسند اسلامی ملک کے مردوں کی سرپرستی کے قانون کے خاتمے کے لیے مہم چلاتی رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :