چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت عام انتخابات 2018ء کی تیاریوں بارے جائزہ اجلاس

انتخابا ت میں استعمال ہونیوالے بیشتر انتخابی مواد کی ترسیل ،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے،ایڈیشنل سیکرٹری کی بریفنگ تربیت کے عمل کو انتہائی اعلی معیار پر رکھا جائے ،تمام صلاحتیں بروئے کار لائی جائیں، ہدایت

جمعہ 25 مئی 2018 16:26

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت عام انتخابات 2018ء کی تیاریوں بارے جائزہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عام انتخابات 2018ء کی تیاریوں کے سلسلے میں جمعہ کو ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضاصاحب نے کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات 2018ء کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

کمیشن کو بتایا گیا کہ انتخابا ت میں استعمال ہونے والا بیشتر انتخابی مواد کی ترسیل مکمل کر لی گئی۔ کمیشن کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔ اور ریٹرننگ افسران کی تربیت یکم جون 2018ء تک مکمل کر لی جائیگی۔ اس کے علاوہ پریذائنڈنگ افسران اور سینئر اسسٹنٹ پریذائنڈنگ افسران کی تربیت کا عمل 25 جون 2018ء سے شروع ہوگا اور 15 جولائی 2018ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ تربیت کے عمل کو انتہائی اعلی معیار پر رکھا جائے اور اس حوالے سے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ کمیشن نے انتخابات کیلئے اب تک کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔