کار ساز کمپنیوں نے نان فائلرز کو گاڑیوں کی فروخت بند کر دی

ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے کی صورت میں گاڑیوں کی ڈیلیوری میں تاخیر یا منسوخ کی جاسکتی ہے،کار ساز کمپنی کی صارفین کو وارننگ

جمعہ 25 مئی 2018 16:44

کار ساز کمپنیوں نے نان فائلرز کو گاڑیوں کی فروخت  بند کر دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد مقامی کار ساز کمپنیوں نے نان فائلرز کو گاڑیوں کی فروخت بند کر دی ہے جبکہ گاڑیوں کی بکنگ کے وقت انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے اور فعال ٹیکس گزار وں کی فہرست میں بھی شامل ہونے کو لازمی قرار دیدیا گیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے والی جاپانی کمپنیوں کی جانب سے گاڑیاں بک کرانے والے ایسے صارفین جو ٹیکس گوشورارے جمع نہیں کرواتے ان کو مشور ہ دیا گیا ہے ہے گاڑیوں کی ڈیلیوری سے قبل اپنے گوشوارے جمع کر اکے ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل ہوجائیں تاکہ ان کو گاڑیوں کی ڈیلیوری بروقت کی جاسکے کمپنیوں نے گاڑی خریداروں پر واضح کیا ہے کہ گاڑیاں خریدنے والے حضرات کواس وقت تک گاڑی کی ڈیلیور نہیں ہو گی جب تک وہ اپنے گوشوارے جمع نہیں کراتے گوشوارے جمع نہ کرانے کی صورت میں گاڑی کی بکنگ منسو خ بھی ہو سکتی ہے واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے بجٹ 2018-19 میں1200سی سی اور اس سے زیادہ طاقت کی گاڑیوں کی خریداری کیلئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کو لازمی قرار دیا ہے جس سے بڑی گاڑیوں کی فروخت متاثر ہو نے کے ساتھ ساتھ آٹو سیکٹر کی فروخت بھی متاثر ہو سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انڈسٹری کی جانب سے اس شرط پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے بتدریج تبدیلی لانے کی سفارش کی تھی اور فائلرز کی شرط پر عملدرآمد کیلئے 2سال کی مہلت کی تجویز دی گئی تھی تاہم وزارت خزانہ نے اس تجویز کو مستر د کر دیا تھا ۔