اٹک میں نواز شریف کے جلسے میں نہ جانے کی سزا

جلسے میں شرکت نہ کرنے پر واپڈا اہلکار کو معطل کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 25 مئی 2018 16:01

اٹک میں نواز شریف کے جلسے میں نہ جانے کی سزا
اٹک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 مئی 2018ء) : اٹک میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے جلسے میں شرکت نہ کرنے پر واپڈا اہلکار کو معطل کر دیا گیا۔ طارق محمود نے الزام عائد کیا کہ مجھے جلسے میں سرکاری طور پر شرکت کرنے کا کہا گیا تھا۔ مجھے کہا گیا کہ افطاری اور خرچہ بھی ملے گا۔ میں نے جلسے میں شرکت سے انکار کیا جس پر مجھے معطل کر دیا گیا۔ایکسئین واپڈا نے ایس ڈی او کی رپورٹ پر کارروائی کی۔

طارق محمود نے کہا کہ میری معطلی غیر قانونی ہے ،مجھ سے کوئی جواب طلبی نہیں کی گئی۔ ایس ڈی او شیخ صفدر نے کہا کہ طارق محمود ڈرائیور ہے ، اسے اسٹاف کے ساتھ ڈیوٹی کرنے کا کہا گیا۔ طارق محمود نے روزے کا بہانہ بنا کر ڈیوٹی سے انکار کیاتھا۔ طارق محمود کو پہلے بھی کئی مرتبہ وارننگ دی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز میں نے رپورٹ بنا کر ایکسئین کو بھیج دی۔

جس پر ایکسئین نے طارق محمود ڈرائیور کو معطل کردیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی مسلم لیگ ن کے جلسوں میں شرکت نہ کرنے پر کئی افسران اور سرکاری ملازمین کی سرزنش کی جا چکی ہے۔ حال ہی میں نواز شریف کی بہاولنگر آمد پر مقامی ڈپٹی کمشنر نے ان کا استقبال کرنے سے انکار کیا تھا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جب نواز شریف بہاولنگر گئے تو انہوں نے نواز شریف کا استقبال کرنے سے صاف انکار کر دیا، جانباز ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اظہر حیات نے نواز شریف کو ریسیو کرنے اور ان کا استقبال کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔

لیکن اب ان کو دھمکیاں موصول ہونے کی اطلاعات ہیں، ڈپٹی کمشنر کے انکار پر سارا انتظام براہ راست کمشنر نے سنبھالا ، اور اے ڈی سی جی سمیت کچھ اور افسران کو ڈیوٹی پر تعینات کیا، ڈپٹی کمشنر اظہر حیات نے صاف کہا تھا کہ یہ نواز شریف کا نجی دورہ ہے ، نواز شریف کا نا اہلی کے بعد اسٹیٹ افئیر سے کوئی تعلق نہیں ، اسی لیے ان کی آمد اور استقبال میں میرا کوئی کردار نہیں ہو گا نہ میں ان کو ریسیو کروں گا۔