محکمہ پولیس کرپشن ریفرنس میں نیب کے گواہ ڈی آئی جی نعیم شیخ کا بیان مکمل نہ ہونے کے باعث کیس کی مزید سماعت 19جون تک ملتوی

جمعہ 25 مئی 2018 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) احتساب عدالت نے محکمہ پولیس کرپشن ریفرنس میں نیب کے گواہ ڈی آئی جی نعیم شیخ کا بیان مکمل نہ ہونے کے باعث کیس کی مزید سماعت 19جون تک ملتوی کردی ہے ۔جمعہ کو کراچی احتساب عدالت میں سندھ پولیس کی تاریخ کا سب سے بڑے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت میں ایس ایس پی غلام نبی کیریو سمیت دیگرکوملزمان پیش کیا گیا عدالت میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی جانب سے وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے سپریم کورٹ سے ضمانت حاصل کرلی ہے عدالت میں نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ہمیں تاحال کوئی عدالتی آرڈر موصول نہیں ہوا عدالت کا کہنا تھا کہ اگر سابق آئی جی غلام حیدر جمالی نے ضمانت حاصل کرلی ہے تو آرڈر پیش کیا جائے ورنہ ملزم غلام حیدر جمالی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے جبکہ عدالت میں نیب کے گواہ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نعیم شیخ کا بیان مکمل نہ ہونے کے باعث عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت انیس جون تک ملتوی کردی واضح رہے کہ نیب کی جانب سے ملزمان پر الزام تھاکہ ملزمان نی881 غیر قانونی بھرتیاں کی بھرتیاں ایس آر پی حیدرآباد کے لئے کی گئیں جعلی بھرتیوں کے زریعے 50 کروڑ 46 لاکھ 61 ہزار 664 روپے قومی خزانے سے لوٹ لئے گئے ملزمان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کرپشن. اقربا پروری اور دیگر دفعات کے تحت ریفرنس دائر کیا گیا تھا