چینلز پر پانچ وقت اذان نشر کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم معطل

چینلز رمضان کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے خود اقدامات اٹھائیں، ڈویژن بنچ کا فیصلہ

جمعہ 25 مئی 2018 17:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے چینلز پر پانچ وقت اذان نشر کرنے کا حکم معطل کر تے ہوئے حکم دیا ہے کہ چینلز رمضان کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے خود اقدامات اٹھائیں۔ جمعہ کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے چینلز پر 5 وقت اذان نشر کرنے کا حکم معطل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

26 صفحات پر مشتمل عدالتی فیصلے میں مغرب کی اذان سے قبل اشتہارات نہ چلانے جب کہ درود شریف اور ملکی سلامتی کی دعائیں چلانے کا حکم بھی معطل کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹی وی چینلز پر بھارتی مواد چلانے کے حوالے سے احکامات اور رمضان ٹرانسمیشن ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لیے وزارت داخلہ کی کمیٹی کو بھی غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔عدالتی حکم نامے کے مطابق عدالت نے پہلے عشرے کی جو عمل درآمد رپورٹ مانگی ہے وہ پیمرا کا اختیار ہے، پیمرا کے پاس ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرانے کا مکمل اختیار ہے جب کہ ہائی کورٹ ریگولیٹر کا کردار ادا نہیں کرسکتی، پیمرا ریگولیٹر ہے وہی چینلز کو اپنے ضابطہ اخلاق کا پابند بنائے اور چینلز رمضان کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے خود اقدامات اٹھائیں۔