جموں خطے کی ادھمپور جیل میں نظر بند ڈاکٹر محمد قاسم کئی خطرناک عارضوں میں مبتلا

مسلم دینی محاذ کا ڈاکٹر قاسم فکتو کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش‘آسیہ اندرابی اور دیگر کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی مذمت

جمعہ 25 مئی 2018 18:17

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلم دینی محاذ نے غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی سربراہ ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم دینی محاذ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموںخطے کی ادھمپور جیل میں نظر بند ڈاکٹر محمد قاسم کئی خطرناک عارضوں میں مبتلا ہیں اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے سبب انکی صحت دن بہ دن مزید خراب ہو رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر قاسم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں سینٹرل جیل سرینگر سے جموں خطے کی دور دراز جیل میں منتقل کیا گیاجو بھارتی سپریم کورٹ کی اس رولنگ کی بھی خلاف ورزی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نظر بندوں کو انکے گھروں کی نزدیک ترین جیلوں میں رکھا جائے۔

(جاری ہے)

ترجما ن نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی بھی سرینگر کے رام باغ تھانے میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی طرف سے ضمانت ملنے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جا رہا۔

ترجمان نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ ڈاکٹر قاسم فکتو، آسیہ اندرابی اور دیگر کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔