قائدکشمیر فاروق حیدر، قائد مظفرآباد افتخار گیلانی پر مکمل اعتماد ہے، لیگی حکومت کی دوسالہ کارکردگی قابل فخر اور قابل تحسین ہے

مسلم لیگ (ن) حلقہ 3 شعبہ خواتین کی صدر محترمہ نثارہ عباسی‘محترمہ حسنیٰ نور،ساجدہ گیلانی کا مشترکہ بیان

جمعہ مئی 17:51

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2018ء) مسلم لیگ ن حلقہ 3 شعبہ خواتین کی صدر محترمہ نثارہ عباسی، سینئر عہدیدار محترمہ حسنیٰ نور،ساجدہ گیلانی نے کہا ہے کہ قائدکشمیر فاروق حیدر، قائد مظفرآباد افتخار گیلانی پر مکمل اعتماد ہے، لیگی حکومت کی دوسالہ کارکردگی قابل فخر اور قابل تحسین ہے، کارکنان کی ایڈجسٹ منٹ ان کا حق ہے اس کے لیے ہم قیادت سے مطالبہ کرسکتی ہیں، مگر ہم نے کبھی قیادت کیخلاف کوئی بات کی نہ کرینگی، گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے دوسال میں شاندار کام کیے، مثالی انداز میں نظام حکومت چلایا، مسلم لیگ ن آزادکشمیر قائدکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں متحدو منظم ہے اور حکومت عوامی فلاح وبہبود کیلئے مصروف عمل ہے، انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں ن لیگی کارکنوں کے ایک اجلاس میں ہم نے قیادت پر مکمل اظہار اعتماد کرتے ہوئے کارکنوں کی ایڈجسٹ منٹ کا مطالبہ کیا ہے، مگر یہ نہیں کہا کہ ہماری قیادت یا کوئی ایک لیڈر بھی نااہل ہے، کچھ لوگ ہمارے ناموں کا استعمال کرکے اپنے دلوں کی بھڑاس نکال رہے ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتی ہیں، اور اس بات کا عزم کرتی ہیں کہ ن لیگ کی مضبوطی، استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گیں، اور آزادکشمیر حکومت، قائد راجہ فاروق حیدرخان، بیرسٹر افتخار گیلانی کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے عوامی فلاح وبہبود کیلئے ان کیساتھ کھڑی رہیں گیں۔