محمد علی جناح یونیورسٹی کے طلبہ نے بجلی کے استعمال میں کمی کی موبائل فون ایپلیکیشن ڈیزائن کرلی

جمعہ مئی 17:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2018ء) بجلی فراہم کرنے والے ادارے عام طور پر بجلی کے غیر ضروری استعمال سے صارفین کو روکنے کے لئے بجلی کی بچت پر زور دینے کی مہم چلاتے رہتے ہیں جس میں ان سے خاص طور پر اپیل کی جاتی ہے کہ گھر میں جس جگہ کوئی بیٹھا نہ ہو وہاں چلنے والے پنکھے، ٹی وی اور بلب کا سوئچ آف کردیں۔۔بجلی کے گھریلو صارفین کو اس کے استعمال میں کفایت شعاری میں مدد دینے کے لئے اب محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے بی ایس سافٹ وئیر انجینئرنگ کے زیر تعلیم طلبہ علی اقبال، سیدّ عبدل باسط حسین اور حشام نے اپنے استاد انجینئر محمد شعیب صدیقی کی زیر نگرانی موبائل فون پر ایک ایپلیکیشن ڈیزائن کی ہے جس کے ذریعے اب آپ کسی ایک جگہ بیٹھے بیٹھے گھر کے کسی دوسرے کمرے کی لائٹ،پنکھا اور ٹی وی وغیرہ کے سوئچ آف کرسکتے ہیں اور اس کے لئے کھڑے ہونے کی زحمت کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یہی نہیں بلکہ اگر آپ اپنے گھر سے باہر نکل چکے ہیں اور پھر یہ یاد آتا ہے کہ آپ اپنے کمرہ کی لائٹ اور پنکھے کا سوئچ آف کرنا بھول گئے ہیں تو پھر اسی مقام سے آپ موبائل فون کے ذریعے اپنے کمرہ کی بجلی بند کرسکتے ہیں۔اس طرح اب آپ اپنے گھر میں بجلی کے غیر ضروری استعمال کوکم کرکے زائید بلوں کی ادائیگی سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے طلبہ نے اپنا یہ پروجیکٹ گزشتہ دنوں یونیورسٹی میں ہونے والی نیشنل انجینئرنگ نمائیش کے موقع پر پیش کیا تھا۔

دریں اثنا محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ یونیورسٹی کی انجینئرنگ و کمپیوٹنگ فیکلٹی کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر عاصم امداد نے بجلی کے صارفین کے مفاد میں ایک اچھا کام کرنے پر طلبہ کی کاوشوں کو سراہا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی مفاد عامہ کے منصوبوں پر کام کرتے رہیں گے۔