اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام سکول آف انوسٹی گیشن میں ہفتہ پر مشتمل قبضہ کے متعلق مقدمات کی مثل رائٹنگ میں تفتیشی کورسز کی اختتامی تقریب

کورسز کا مقصدتفتیشی معیا ر اور پولیس افسران کی صلا حیتو ں کو معیا ر کے مطا بق بنا نا ہے، آئی جی پی ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری

جمعہ 25 مئی 2018 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام سکول آف انوسٹی گیشن میں ایک ہفتہ پر مشتمل قبضہ کے متعلق مقدمات کی مثل رائٹنگ میں تفتیشی کورسز کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی نے شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کیں۔انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام سکول آف انوسٹی گیشن میں جاری ایک ہفتہ پر مشتمل قبضہ کے مقدمات کے متعلق مثل رائٹنگ کورسز کی اختتامی تقریب پولیس لائن ہیڈ کوارٹرزمیں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی اسلام آباد تھے جبکہ اس موقع پر ڈی ایس پی پی ٹی ایس بختیار احمد للہ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز عبدالرزاق،ڈی ایس پی طاہر محمود خان کے علاوہ دیگر افسران اور شرکاء کورس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی پی ٹی ایس بختیار احمد للہ نے تفتیشی کورسز کے بارے میں بریف کرتے ہوئے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد کے وڑن کے مطابق سکول آف انوسٹی گیشن میں تفتیشی افسران کو ایک ہفتہ پر مشتمل مثل رائٹنگ اور قبضہ کے مقدمات کے متعلق لیکچرز کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام شرکاء کورس نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔اس کورس میں تفتیشی افسران کو رویوں میں تبدیلی ،اخلاقیات ،ایف آئی آر سے لیکر چالان تکمیل تک کے متعلق لیکچر،ریکارڈ تھانہ،ماہانہ کرائم کی بروقت تکمیل وغیرہ شامل ہیں۔

آئی جی اسلام آبادڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ سب افسران نے اس کورس میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور اور سکول آف انوسٹی گیشن سے کچھ نیا سیکھ کر نکلے ،انہوں نے بتایا کہ میرا وژن ہے کہ اسلام آباد پولیس میں تفتیش کے معیار کو اعلی بنایا جائے حالانکہ ماضی میں پر بہت کم فوکس کیا گیا تھا،اسی لئے ہم نے پولیس لائن میں سکول آف انوسٹی گیشن بنایا ہے جس میں ماہر تفتیشی افسران کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جن میں ڈی ایس پی (ریٹائرڈ) بشیر احمد نون جیسے ماہر تفتیشی افسران بھی شامل ہیں ،انہوں نے بتایا کہ پولیس کا اصل کام تفتیش ہے اور اگر تفتیش ہی معیاری نہ ہو تو ہماری کارکردگی بہتر نہیں ہو سکے گی،میرا وژن ہے کہ اسلام آباد پولیس میں تفتیش کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اور اس سلسلہ میں آپ سب سے بھی تجاویز لی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فنانشل مینیجمنٹ اور فنانشل کرائم کے متعلق بھی کورسز کروائے جائیں گے۔یہ کورسز پرسنل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ترتیب دئیے گئے ہیں جو کہ بہت فائدہ مند ثابت ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی لیو ل پر بھی پولیس کے افسران اس طرح کے کورسز میں حصہ لیتے ہیں تاکہ دینا میںاختیار کئے جانے والے مختلف طریقہ کار اپنا کر نظام میں بہتری لائی جائے۔اسلام آباد پولیس کے ان افسران کے لئے یہ کورسز انتہائی سودمند ثابت ہوں گے۔آخر میں آئی جی اسلام آباد نے شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کیں۔