بیرون ملک مقیم کشمیری سفارتی محاذ پر قومی اثاثہ ہیں ،ْراجہ فاروق حیدر

کشمیری تارکین وطن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، مسئلہ کشمیر سے عالمی اداروں کو آگاہ کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ،ْوزیر اعظم آزاد کشمیر

جمعہ مئی 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2018ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم کشمیری سفارتی محاذ پر قومی اثاثہ ہیں،کشمیر ی تارکین وطن مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے نقطہ نظر سے عالمی اداروں کو آگاہ کرنے کیلئے اپنابھرپور کردار ادا کررہے ہیں ۔

عالمی طاقتوں کو یہ باور کروانے کی ضرورت ہے کہ کشمیری ایک پر امن قو م ہیں جنہیں ہندوستانی مظالم جبر استبداداور غاصبانہ قبضے نے ہتھیار اٹھانے پر مجبور کیا ۔ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد اپنے اُس بنیادی حق کیلئے ہے جسے اقوام متحدہ کے فورم پر پوری دنیا نے تسلیم کررکھا ہے ۔وزیر اعظم نے ان خیالات کااظہار تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آئے روز کشمیریوں کا قتل عام انسانی حقوق کے دعویداروں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ وزیر اعظم نے راجہ نجابت حسین اور ان کی تنظیم کو مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کرنے پر سراہا۔وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے آزادکشمیر حکومت بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ اٹھاتی رہے گی۔