مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا دورئہ کراچی یادگار ہوگا، فردوس شمیم نقوی

جمعہ مئی 17:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ستائیس مئی کو ملیر میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا دورئہ کراچی یادگار ہوگا۔ اس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ممبر شپ کیمپ پر کارکنان سے خطاب کریں گے ۔یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کے عہدیداران و کارکنان کے ایک اہم اجلا س سے گفتگو کے دوران کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بار چیئرمین عمران خان آر سی ڈی گرائونڈ ملیر میں آئیں گے اور پی ٹی آئی کے کارکنان ان کے سامنے ہوں گے۔ میری تمام پی ٹی آئی کارکنان اور عوام کو بھی دعوت ہے کہ عمران خان کا خطاب سنیں۔ پاکستان تحریک انصاف عوام میں ابھرتی ہوئی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔

(جاری ہے)

تمام کراچی کے رہنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ پی ٹی آئی کا حصہ بنیں اور ہمارے ساتھ پاکستان کو انصاف دلانے کی جدوجہد میں شامل ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے بے شمار عہدیداران و کارکنان اس میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کریں گے اور چیئرمین عمران خان کا خطاب سنیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور چیئرمین عمران خان کی طرف سے کراچی پیکیج کے اعلان کے بعد عوام کی تمام تر حمایت پی ٹی آئی کے ساتھ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام پی پی پی اور متحدہ سے بے زار ہوچکی ہے کیونکہ انہیں کراچی اور سندھ کی حالت بدلنے کے بے شمار مواقع حاصل تھے اور انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ صرف اپنی تجوریاں بھریں ، جائیدادیں اورجاگیریں بنائیں اور عوام کے ہاتھ خالی کے خالی چھوڑ دئیے۔ آج یہ لوگ مہاجر کارڈ اور سندھی کارڈ کھیل کر عوام کو آپس میں لڑوانا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔