Live Updates

تحریک انصاف بلوچستان کے زیراہتمام پی ٹی آئی کے کارکن مرزا خان کے قتل کیخلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 25 مئی 2018 17:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے زیراہتمام پی ٹی آئی کے کارکن مرزا خان کے قتل کے خلاف صوبائی جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر قاتلوں کی گرفتاری کے نعرے درج تھے۔مظاہرین سے صوبائی جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری ، ویسٹ ریجن کے صدر عبدالباری بڑیچ ، داود خان ، خالقداد نورزئی ،سید بسم اللہ آغا،زین العابدین خلجی ،عبدالطہور کاکڑ ، خواتین ونگ کی صوبائی صدر منورہ منیر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن مرزا خان کو دن دیہاڑے دکان میں ڈکیتی کے دوران ڈاکووں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا پانچ دن گزرنے کے باوجود پولیس قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرزا خان شہید نے ہمیشہ مظلوموں کے لئے آواز بلند کی آج وہ ہم میں سے نہیں ہیں جن کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس صرف موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کے نام پرلوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے ڈاکووں اور قاتلوں کو کھلی چھوٹ دیدی ہے اور وہ دن دیہاڑے لوگوں کو شہید کرکے سرعام فرار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت امن و امان برقرارر کھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے پولیس نے پسند اور ناپسند کی بنیاد پر تھانوں میں تعیناتیاں کی جارہی ہیں جس کی تحریک انصاف سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال تک اقتدارمیں رہنے والے قوم پرستوں نے بھی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرزا خان کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ واقعہ کا ازخود نوٹس لیں بصورت دیگر تحریک انصاف دھرنے سمیت سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات