میرٹ کی بالا دستی ہماری اولین ترجیح ،آزادکشمیر کی پبلک سیکٹر یو نیورسٹیوں میں بھرتی ،

ترقیابی اور داخلے کلیتاً میرٹ کی بنیاد پر کئے جانے کو یقینی بنایا جائیگا، سردار محمد مسعود تقرریوں کے سلسلے میں مقررہ کوٹہ اور مجوزہ قواعد پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے، صدر آزاد کشمیر

جمعہ 25 مئی 2018 17:41

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادجموں و کشمیر یو نیورسٹی مظفرآباد میں ماس کمیونیکیشن ، جرنلزم ، انٹرنیشنل ریلیشنز اور ٹورازم کے مضامین متعارف کروائے جائیں گے جن سے طلبہ کو جدید تعلیمی خطوط پر عالمی معیار کے مطابق پیشہ وارانہ مہارت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں و کشمیر نے پر و فیسر ڈاکٹر کلیم عباسی وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں صدر ریاست سے ملاقات کی ہے۔دوران ملاقات وائس چانسلر آزاد جموں وکشمیریونیورسٹی مظفرآباد نے صدر آزاد جموںو کشمیر کو یونیورسٹی کو درپیش انتظامی و تدریسی مسائل کے بارے میں تفصیلاًً بریفینگ دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے حال ہی میں اکیڈمی آف کمپیٹیٹو امتحان AEC(جو مقابلے کے امتحانات کی تیاری کرواتی ہے )کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے کہ وہ آزادجموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں اپنی کلاسز کا اجراء کرے گی اور یونیورسٹی اس سلسلے میں تمام بنیادی سہولیات اکیڈمی کو فراہم کرے گی ۔وائس چانسلر آزاد جموں وکشمیریونیورسٹی مظفرآباد نے کہا کہ اس قسم کی یہ پہلی اکیڈمی ہو گی جہاں پورے آزادکشمیر کے طلبہ سنٹرل سپیئرئیرا متحان کے علاوہ انٹری ٹیسٹ و دیگرمقابلے کے امتحانات اور پبلک سروس کمیشن کی جانب سے بھرتی کے سلسلے میں امتحانات لئے جا سکیں گے ۔

صدر نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلبہ کو مقابلے کے امتحانات میں کامیاب ہونے کے لئے تیاری میں مدد ملے گی۔صدر مسعو د خان نے کہا کہ میرٹ کی بالا دستی ہماری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی پبلک سیکٹر یو نیورسٹیوں میں بھرتی ، ترقیابی اور داخلے کلیتاًًمیرٹ کی بنیاد پر کئے جانے کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے تقرریوں کے سلسلے میں مقررہ کوٹہ اور مجوزہ قواعد پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔

صدر آزادجموں وکشمیر جو آزادکشمیر کی پبلک سیکٹر یو نیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں نے کہا ہے کہ سب کیمپس نیلم کے قیام کے سلسلے میں جملہ معاملات کو جلد یکسو کر دیاجائے گا صدر کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے فنڈ ز سے متعلق دستاویزات متعلقہ محکمہ کو ارسال کئے جا چکے ہیں جس پر صدر نے کہا کہ وہ اس معاملے کو وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے ساتھ اُٹھائیں گے تاکہ بروقت فنڈز کی فراہمی سے اس منصوبہ پر عملدآمد ہو سکے۔

صدر آزادجموں وکشمیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ پشاور یونیورسٹی نے بین الاقوامی تعلقات عامہ کے طلبہ کو آزادجموںو کشمیر یونیورسٹی میں کشمیر اسٹیڈیز سنٹر میں مختلف کورسز کا مطالعہ کے سلسلے میں طلبہ کے تبادلہ پروگرام کے لئے رابطہ کیا ہے ۔صدر نے کہا کہ اس اقدام سے مسئلہ کشمیر کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور اس اہم موضوع پر مشاورت و بحث مباحثہ کو فروغ ملے گا۔