سرینگر میں مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے درجنوں افراد زخمی

مسلم دینی محاذ کاجیل میں ڈاکٹر قاسم فکتو کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش

جمعہ 25 مئی 2018 17:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے آج سرینگر میںپرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں لوگوںنے نماز جمعہ کے بعد آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف ایک ریلی نکالی جو جامع مسجد نوہٹہ پہنچ کر ختم ہوئی ۔ریلی کے شرکاء نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔

علاقے میں تعینات بھارتی فوجیوںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فوجیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔فوجیوںکی کارروائی میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق آنسو گیس کے کئی گولے مسجد کے احاطے میں جاکر پھٹے ۔حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جامع مسجد کے باہر بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد میں تعیناتی علاقے میںکشیدگی کا باعث بنی ۔

اس سے قبل جامع مسجد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرو اعظ نے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے دونوں ممالک پر دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل پرزوردیا ۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام میں ایک اجتماع سے اور حریت رہنماء مختار احمد وازہ نے پلوامہ کے علاقے Naienمیں خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جامع مذاکرات شروع کرنے پر زوردیا ۔

لوگوںنے دوران شب چھاپوں کے دوران بھارتی پولیس کی طرف سے متعدد نوجوانوںکی گرفتاری کے خلاف ضلع اسلام آباد کے علاقے آر ونی میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں ایک بیان میں آرونی میں چھاپوں کے دوران نوجوانوںکی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے ۔

انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے گزشتہ برس فوجی جیپ کے آگے ایک شہری فاروق احمد ڈار کو باندھ کر انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے والے بھارتی فوجی میجر للتل گگوئی کی گرفتاری کیلئے پریس انکلیو سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی ۔ نامزد مفتی اعظم ناصر الاسلام نے ایک بیان میں فوجی میجر کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

مسلم دینی محاذ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند صدر ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کی جموں کی اودھمپور جیل میں گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔دریں اثناء بھارتی تحقیقاتی اداروں ’’این آئی اے ‘‘ اور انفورسمنٹ ڈائر یکٹوریٹ کی طرف سے گرفتار کر کے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید کشمیری نظربندوں نے ڈی جی جیل خانہ جات اور نئی دلی کی ایک عدالت کے نام خط میں انہیں ایک علیحدہ سیل میں رکھنے یا کم سے کم جرائم پیشہ قیدیوں سے الگ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریدم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ اور نئی دلی کی تہاڑ جیل میں نظربند دیگر کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش ظاہر کی ہے ۔