حکومت پنجاب کی جانب سے پیداواری مقابلہ برائے آم2018-19 کا انعقاد

جمعہ 25 مئی 2018 18:17

لاہور۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب آم کے باغبانوں میں صحتمندانہ مقابلہ کی فضاء پیدا کرنے اور آموں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے آموں کے پیداواری مقابلہ 2018-19 کا انعقاد کر رہی ہے، اس ضمن میں ملتان،خانیوال،رحیم یار خان،مظفرگڑھ،بہاولپور،وہاڑی،جھنگ اور بہاولنگر کے اضلاع کے آموں کے کاشتکار اس مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے، پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کیلئی3 ایکڑ سے زیادہ قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے،اس سلسلہ میں مشترکہ کھاتہ رکھنے والے کاشتکار بھی اہل ہوں گے نیز ٹھیکیداران/ مزارعین بھی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی کی طرف سے تصدیق کے بعد درخواست دے سکتے ہیں، اس پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے کاشتکار 3 ایکڑ متصل فصل آم جس میںثمر بہشت،چونسا یا سندھڑی یا سفید چونسا کی قسم کاشت کی گئی ہو مقابلہ کیلئے پیش کریں گے، مقابلہ کیلئے درخواست فارم متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کئے جا سکتے ہیں، اس کے علاوہ یہ درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ سے بھی ڈائون لوڈ کئے جا سکتے ہیں ، درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابلِ قبول ہو گی، درخواست فارم پر مکمل شرائط اور قواعد و ضوابط درج ہیں،کاشتکاران مجوزہ درخواست فارم پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے،کاشتکاران اپنی درخواستیں11 جون 2018 تک جمع کروا سکتے ہیں، ترجمان نے مزید کہا کہ ایسے پیداواری مقابلہ جات کے انعقاد سے کاشتکاروں میں ایک صحتمندانہ مقابلہ کی فضاء پیدا ہو گی اور اعلی نسل کے آموں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا، جیتنے والے خوش نصیب کاشتکاروں میں حکومت پنجاب کی جانب سے کروڑوں روپے کی زرعی مشینری کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :