فاٹا انضمام کا بل منظور ہونا تاریخی کامیابی ہے، پوری قوم سراہاہتی ہے‘میاں مقصود احمد

پانچ سال مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے تمام وسائل کارخ صرف ایک شہر کی طرف موڑے رکھا‘تقریبات سے خطاب

جمعہ 25 مئی 2018 18:17

فاٹا انضمام کا بل منظور ہونا تاریخی کامیابی ہے، پوری قوم سراہاہتی ہے‘میاں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ قومی اسمبلی اورسینٹ میں فاٹا انضمام کا بل منظور ہونا تاریخی کامیابی ہے جس کو پوری قوم سراہتی اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، جماعت اسلامی نے فاٹا کے عوام کا اہم مسئلہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھر پور انداز میں اٹھایا تھا الحمد اللہ ہماری کاوششوں کی بدولت آج فاٹا علاقہ غیر سے اپنا بن گیا ہے ، ہم سمجھتے ہیں کہ جس طرح فاٹا کے عوام کو انکا آئینی و قانونی حق دیا گیا ہے اسی طرح جنوبی پنجاب کے عوام اور بہاولپور کے لوگوں کو بھی ان کا بنیادی حق دیا جانا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورمیں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کو مسلسل نظر اندازکیے رکھا جس کی وجہ سے وہاں کے عوام مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں۔ مئی 2010میں پنجاب اسمبلی نے بہاولپور صوبہ بحالی اور جنوبی پنجاب کوصوبہ بنانے کی قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کی تھیں مگر بد قسمتی سے ان پر آج تک کسی قسم کاکوئی عمل درآمد نہیں ہوا ۔

حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث جنوبی پنجاب کے عوام میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام سے لاتعلقی اختیار کررکھی ہے۔وسیب کے عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں تمام وسائل کارخ صرف ایک شہر کی طرف موڑے رکھا۔جنوبی پنجاب کے عوام میں اس حوالے سے بڑی محرومی پائی جاتی ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ جنوبی پنجاب کے لیے مختص کیے جانے والے ترقیاتی فنڈز میں بھی کٹوتی کردی جاتی ہے۔جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ اوربہاولپورصوبہ کی بحالی سے وہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیاجائے۔