فاٹاانضمام قبائلی عوام کیلئے تاریخی دن ہے ، روبینہ خالد،نگہت اورکزئی

جمعہ 25 مئی 2018 18:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) سٹینڈنگ کمیٹی برائے آئی ٹی کی چیئرپرسن سینیٹرروبینہ خالد اور پی پی خواتین ونگ کی صوبائی صدر نگہت یاسمین اورکزئی نے فاٹاانضمام کو تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے قبائلی عوام کو اس عظیم دن پر مبارکبادپیش کی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ فاٹاکے عوام کی بہتری کیلئے نہ صرف آوازاٹھائی بلکہ عملی اقدامات اٹھائے ،فاٹاریفارمز کی ابتداء بھٹوشہیدکے دور میں ہوئی تھی جس کو عملی جامہ صدرآصف علی زرداری نے پہنایاتھا شہیدذوالفقارعلی بھٹو اور شہیدبے نظیربھٹوکے خواب کو شرمندہ تعبیرکرنے پی پی کی مرکزی وصوبائی قیادت مبارکبادپیش کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں آج سنہری دن ہے فاٹاانضمام بل کی منظوری کے بعد صدیوں پراناقانون ایف سی آرکاخاتمہ ہوگیاہے فاٹا صوبہ خیبرپختونخواکاحصہ بننے پر قبائلی عوام کے مسائل اب جلد حل ہونگے ۔

انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی ہدایت پر این ایف سی ایوارڈکے تحت فاٹاکی ترقی کیلئے جدوجہدکریں گے فاٹا میںسکول،کالج ،یونیورسٹیز،ہسپتال اورصنعتوں کاقیام پی پی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جس کیلئے بھرپورجدوجہد کی جائے گی۔