حکومت نے ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے جس پر وزیر خزانہ اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، چوہدری مسعود خالد

نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے اور ملک کو محفوظ بنایا، پاک فوج ہماری فوج ہے ، وزیر اعظم اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں،بجٹ اجلاس پربحث

جمعہ 25 مئی 2018 18:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں جمعہ کے بعد بھی تخمینہ میزانیہ2018-19پر بحث جاری رہی ۔ وزیر حکومت چوہدری مسعود خالد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے جس پر وزیر خزانہ اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے اور ملک کو محفوظ بنایا ۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج ہماری فوج ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں سردار خالد ابراہیم کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ اس بجٹ میں میرپور کو نظر انداز کیا گیا ہے ، ہمیں تھرو فاروڈ دیا گیا ۔ ہم وزیر اعظم اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ، یہ حکومت پانچ سال پورے کریگی ۔ آزاد کشمیر میں مالیہ وصول کیا جائے اس سے کروڑوں پرروپے حکومت کو حاصل ہونگے ۔

(جاری ہے)

وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں محترمہ نورین عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کچھ لوگ ایسے سیاست میں آگئے ہیں جنہوں نے گند پھیلانے کے سواکچھ نہیں کرنا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہی کشمیریوں کی امیدوں کا محور و مرکز ہے ۔ نواز شریف کشمیریوںکے محسن ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جب مسلم لیگ (ن)نے 2016میں اقتدار حاصل کیا تو اربوں روپے کا خسارہ تھا اور صرف دو سال کے اندر ہی ہماری حکومت نے بجٹ خسارہ ختم کر دیا۔ دوسال قبل 12ارب کا ترقیاتی بجٹ تھا اور اب یہ 25ارب سے زیادہ ہو چکا ہے ۔ اس وقت آزادکشمیر میں 160کارخانے پیدواری کی صلاحیت سے کام کررہے ہیں ۔

سی پیک میں ہمیں شامل کر کے قومی دھارے لایا گیا ۔ سی پیک سے ہمارے ہاں روزگار کے مواقعے پیدا ہونگے ۔ ممبراسمبلی ملک محمد نوز نے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر کا خطہ ہمارے آبائو اجداد نے جنگ لڑ کر آزاد کرایا ۔ انہوں نے کہاکہ نوز شریف نے پاکستان میں تعمیر و ترقی کے بہت کام کیے ہیں ان کا ذکر ہونا چاہیے ۔ جو جو اچھا کام کرے اس کا نام لیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کرانے کا وعدہ پورا نہیں کیا ۔ ہمارا کام قانون سازی ہے جبکہ بلدیاتی اداروں کا کام تعمیر و ترقی کا کام کرنا ہے ۔ ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کیے تے ان پر بتدریج عمل درآمد کیا جار ہا ہے ۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی قیادت میں قائم حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے اپنے منشور میں دیے گئے پروگرام کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ سردار عتیق احمد خان کے دورمیں ترقیاتی بجٹ میں 50کروڑ روپے اضافہ ہوا تو ہم نے بہت تعریفیں کیں جبکہ اور اب جبکہ ترقیاتی بجٹ میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا ہے تو حکومت کی تعریف تو بنتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عبوری ایکٹ74میں ترمیم کے حوالے سے قائد ایوان راجہ محمد فاروق حیدرخان نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے ۔