سازگار تعلیمی ماحول اور سمسٹر کیلنڈر کے نفاذ کی بدولت جامعہ کے طلبہ وطالبات نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی

جمعہ 25 مئی 2018 19:00

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ سازگار تعلیمی ماحول اور سمسٹر کیلنڈر کے نفاذ کی بدولت جامعہ کے طلبہ وطالبات نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اس خطے کے طلبہ وطالبات خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور اپنے ٹیلنٹ کی بدولت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی جامعہ اور خطے کا نام روشن کرر ہے ہیں۔

ہمارے طلباء کو بیدار رہ کر اپنے گردوپیش کے حالات سے باخبر رہنا چاہیے ۔ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایک واضح نصب العین کے ساتھ تدریس وتحقیق میں مگن رہیں۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار تما م شعبہ جات سے آئے ہوئے کلاسز کے نمائندہ طلبہ وطالبات سے مرکزی آڈیٹوریم میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرکزی آڈیٹوریم طلبہ وطالبات سے مکمل طور پر بھرا ہوا تھا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے پاس وسائل کی کمی نہیں اور طلبہ وطالبات کی فلاح وبہبود کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں۔ تدریسی اور تحقیقی سہولیات میں غیر معمولی اضافے ، خاص طورپر ترقیاتی فنڈ کو 675ملین روپے سے بڑھا کر 1908ملین روپے کر دیا گیا۔

رحیم یار خان اور بہاولنگر کیمپس کے علاوہ فیکلٹی آف ایجوکیشن اور ایگریکلچری کالج کی عمارات مکمل ہوئیں ۔ فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کی نئی عمارت تیزی سے زیر تکمیل ہے ۔ اِسی طرح بغداد الجدید کیمپس میں1000طلبہ وطالبات کی گنجائش کے حامل چار ہاسٹلز اور رحیم یار خان کیمپس میں 500طلبہ وطالبات کے لیے دو ہاسٹلز جلد مکمل ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ یونیورسٹی میں سستی اور معیاری رہائش کی خواہش رکھنے والے ہر طالب علم کو ہاسٹل کی سہولت فراہم کی جائے۔

جامعہ اسلامیہ میں طلبہ وطالبات کے لیے سٹڈی پارکس کا قیام ملک بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے جہاں پر طلبہ وطالبات آوٹ ڈور میں انٹرنیٹ اور دیگر سہولیات کے ساتھ اپنی صحت مند سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔ بغداد الجدید کیمپس میں موجود سپورٹس کمپلکس کو فعال کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ کرکٹ اسٹیڈیم ، سکواش کورٹ اور ٹینس کورٹ تعمیر کیے گئے ہیں ۔

یونیورسٹی زرعی فارم پر موجود جھیل ، ڈیئر بریڈنگ پارک اور ملحقہ علاقے کو خوبصورت بنا دیا گیا ہے۔ طلباء کے لیے ٹرانسپورٹ فلیٹ میں چار نئی بسوں کے اضافے کے علاوہ میڈیکل سنٹر میں ایک نئی ایمبولینس بھی شامل کی گئی ہے۔ اب اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے طلباء کو ڈگری کے لیے طویل انتظار نہیں کرنا پڑتا بلکہ سمسٹر کے اختتام پر ہی کانووکیشن کا انعقاد ہوتا ہے اور ڈگری عطا کر دی جاتی ہے ۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے پانچوں کیمپس بائونڈری وال کی تعمیر سے محفوظ بنا دئیے گئے ہیںجو موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ طلبہ وطالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان میں قائدانہ صلاحیتوں کواُجاگر کرنے کے لیے مختلف سوسائٹیز کا اجراء کیا جا رہا ہے تاکہ وہ احسن انداز سے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ وائس چانسلر نے فیکلٹی اور طلبہ وطالبات سے کہا کہ بطور ایک اعلیٰ تعلیمی اِدارے کے ہمیں سوسائٹی پر مثبت اثرات مرتب کرنا ہیں نہ کہ باہر کا اثر قبول کریں۔

انہوں نے طلبہ وطالبات سے مخاطب ہو کر کہا کہ یہ آپ کی یونیورسٹی ہے اور اس کی ترقی اور بھلائی ہی اصل میں آپ کی ترقی اور بھلائی ہے ۔ اسی ڈگر پر چلتے رہے تو آپ جلد اپنی منزل تک پہنچ جائیں گے اور کامیابی سے عملی زندگی میں قدم رکھیں گے جس سے نہ صرف آپ کا ، آپ کے والدین بلکہ پورے خطے کا نام روشن ہوگا۔ اس موقع پر طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد وائس چانسلر کے گرد جمع ہو گئی اور بہترین تعلیمی نظم ونسق اور سہولیات کی فراہمی پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور اپنی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔