ماضی میں شہر کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، پانی و سیوریج کا نظام ابتر حالت میں ہے،میئر کراچی

جمعہ 25 مئی 2018 19:33

ماضی میں شہر کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، پانی و سیوریج کا نظام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شاہ فیصل کالونی میں پونے پانچ کلو میٹر دو رویہ سڑک کی تعمیر علاقہ مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، 3 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک کی تکمیل سے یہاں کے لوگوں کو سفری سہولت میسر آئے گی، ماضی میں شہر کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، پانی و سیوریج کا نظام ابتر حالت میں ہے، شہریوں کی تکالیف کے پیش نظر حکومت کا کام بھی ہمیں کرنا پڑ رہا ہے،کراچی میں پا نی بہت ہے، پانی کی چوری اور لیکج روکنے کی ضرورت ہے،سائٹ کے علاقے میں لوگوں نے پانی کی لائنوں کو توڑ رکھا ہے، کوئی دیکھنے والا نہیں،شہر اور شہریوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، حل کریں گے،یہ بات انہوں نے جمعرات کی شب شاہ فیصل کالونی اور ناتھا خان گوٹھ میں سڑکوں کی استرکاری اور سیوریج کے کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئررضا، وائس چیئرمین سید احمر علی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین کچی آبادی کمیٹی سعد بن جعفر، یوسی چیئرمین ، دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے ترقیاتی کام جاری ہیں ہم نے وسائل کی کمی کو عذر نہیں بنایا اور جتنے بھی فنڈز دستیاب ہوئے انہی کاموں پر خرچ ہو رہے ہیں، منتخب بلدیاتی نمائندوں کا اپنے حلقے کی عوام کے ساتھ قریبی رابطہ ہے اور ان کی مشاورت اور رہنمائی سے ترقیاتی منصوبے بنائے جاتے ہیں تاکہ ان کاموں کے ثمرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں، انہوں نے کہا کہ ٹوٹی ہوئی سڑک اور سیوریج لائنوں سے رسائو کے باعث شاہ فیصل اور ناتھا خان کے مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا تھا، علاقے کے لوگوں خصوصاً خواتین اور بچوں کے لئے یہاں سے گزرنا مشکل بن چکا تھا لہٰذا یہاں پونے پانچ کلو میٹر طویل دو رویہ سڑک تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سیوریج کے نظام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ لوگوں کی امید بلدیاتی نمائندوں سے وابستہ ہیںاور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے علاقے کے مسائل جلد از جلد حل ہوں، خود ہماری بھی یہ کوشش ہے کہ لوگوں کی توقعات کے مطابق کام ہوں اور انہیں ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات میسر آئیں، انہوں نے کہا کہ اگر پانی کی تقسیم اور پائپ لائنوں سے رسائو جیسے مسائل حل ہوجائیں تو کراچی میں فراہمی آب کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوسکتا ہے، تاہم اس کے لئے خلوص نیت درکار ہے پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور تک نہیں کیا جاسکتا، یہی وہ بنیادی مسائل ہیں جن کی طرف ہم مسلسل حکام بالا کی توجہ مبذول کرا رہے ہیں اور ان سے بار بار یہ درخواست کر رہے ہیں کہ خدارا کراچی کے سسکتے ہوئے لوگوں پر رحم کھائیں اور انہیں پانی ، سیوریج ، بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کریں تاکہ یہ شہر ملک کی ترقی میں اپنا کردار مزید بہتر انداز میں ادا کرسکے، کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، دنیا بھر میں ایسے شہروں پر خاص توجہ دی جاتی ہے اور ان کی ترقی کے لئے خصوصی پلان ترتیب دیئے جاتے ہیں لہٰذا کراچی شہر کا بھی یہ حق ہے کہ اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی منصوبہ سازی کی جائے اور شہر کو اس طرح ترقی دی جائے کہ یہاں صنعتی و تجارتی سرگرمیاں مزید فروغ پائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو اون کرتے ہیں اور اس کی بہتری کے لئے جو بھی اقدامات ضروری ہوئے کئے جائیں گے اور ہم شہریوں کے تعاون سے کراچی کو ایک بہتر شہر بنائیں گے۔