الیکشن کمیشن نے انتخابا ت میں استعمال ہونے والے بیشتر انتخابی مواد کی ترسیل مکمل کر لی

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت مکمل کر لی گئی،پریذائنڈنگ افسران اور سینئر اسسٹنٹ پریذائنڈنگ افسران کی تربیت کا عمل 25 جون سے شروع ہوگا

جمعہ 25 مئی 2018 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2018ء) الیکشن کمیشن نے انتخابا ت میں استعمال ہونے والے بیشتر انتخابی مواد کی ترسیل مکمل کر لی جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت مکمل کر لی گئی،پریذائنڈنگ افسران اور سینئر اسسٹنٹ پریذائنڈنگ افسران کی تربیت کا عمل 25 جون سے شروع ہوگا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عام انتخابات 2018ء کی تیاریوں کے سلسلے میں آج ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنرسردار محمد رضا نے کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات 2018ء کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ کمیشن کو بتایا گیا کہ انتخابا ت میں استعمال ہونے والا بیشتر انتخابی مواد کی ترسیل مکمل کر لی گئی۔

(جاری ہے)

کمیشن کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔ اور ریٹرننگ افسران کی تربیت یکم جون 2018ء تک مکمل کر لی جائے گی۔ اس کے علاوہ پریذائنڈنگ افسران اور سینئر اسسٹنٹ پریذائنڈنگ افسران کی تربیت کا عمل 25 جون 2018ء سے شروع ہوگا اور 15 جولائی 2018 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ تربیت کے عمل کو انتہائی اعلی معیار پر رکھا جائے اور اس حوالے سے تمام صلاحتیں بروئے کار لائی جائیں۔ کمیشن نے انتخابات کے لئے اب تک کی تیاریوں پر اطمیان کا اظہار کیا