میکونوکا یمن میں تباہی مچانے کے بعد عمان کا رخ، طوفان سے 29افراد لا پتہ ، عمان کے لئے 24گھنٹے اہم

جمعہ 25 مئی 2018 20:40

مسقط(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2018ء) بحیرہ عرب میں آنے والے طوفان میکونو نے یمن میںتباہی مچانے کے بعد عمان کا رخ کر لیا،یمنی جزیرہ پرتا حال سیلابی صورتحال ہے، طوفان سے 29افراد لا پتہ ہو گئے، عمان کے لئے 24گھنٹے اہم ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے والے سمندری طوفان میکونو نے یمن میں تباہی مچادی ہے جس کے بعد اب اس کا رخ عمان کی جانب ہے۔

سمدنری طوفان میکونو نے یمن کے جزیرے سقطری میں تباہی پھیلادی ہے، جزیرے پر سیلاب کی صورت حال ہے جہاں سے سیکڑوں لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا گیا ہے تاہم کھلے سمندر میں موجود 2 کشتیوں پر سوار 29 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ جزیرے کے گورنر رمزی معروف کے مطابق ساحلی علاقے پرواقع کئی دیہات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکام تباہی سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے میں مصروف ہیں تاہم یہ طوفان آج خلیجی ریاست عمان سے ٹکرائے گا۔

3 روزقبل محکمہ موسمیات نے عندیا دیا تھا کہ بحیرہ عرب میں آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفان کا خطرہ ہے اوریہ طوفان عمان و یمن کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا تاہم پاکستان کے ساحلی مقامات پر اس طوفان کے کوئی بھی اثرات نمودارنہیں ہوں گے۔واضح رہے کہ سقطری جزیرہ نما عرب اور ہارن آف افریقا کے درمیان واقع ہے ۔یہ جزیرہ یمن میں گذشتہ تین سال سے جاری جنگ کے دوران میں تشدد سے بچا رہا ہے ۔اس پر یمن کی بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ حکومت کا کنٹرول ہے۔