وسیم اکرم نے محمد عامرکوٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنے کا مشورہ دیدیا

دنیا کے عظیم کھلاڑی ٹیسٹ میچز میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں،عامر کو اپنا نام عظیم فاسٹ بولرز کی فہرست میں لانے کیلئے ٹیسٹ ریکارڈ بہتر بنانے پر توجہ دینا ہوگی،ٹیسٹ کر کٹ سے ٹاس ختم نہیں ہونی چاہیے، قومیٹیم کا ورلڈ کپ سے قبل مصروف سیزن ہے اسلئے انتظامیہ کو 25کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردینا چاہیے،سابق کپتان کا انٹرویو

جمعہ 25 مئی 2018 20:59

وسیم اکرم نے محمد عامرکوٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنے کا مشورہ دیدیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2018ء) فاسٹ بولر محمد عامر کے بارے میں کئی ماہ سے یہ خبر گرم ہے کہ وہ اپنے کیریئر کو طول دینے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا چاہتے ہیں اور اپنے کیریئر کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔عامر بھی ڈھکے چھپے الفاظ میں ٹیم انتظامیہ سے اپنی اس خواہش کا اظہار کر چکے ہیں لیکن ماضی کے عظیم فاسٹ بولر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے فاسٹ بولر محمد عامر کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ دنیا کے عظیم کھلاڑی ٹیسٹ میچز میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں اگر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی اور محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دی تو ہوسکتا ہے کہ انہیں پیسہ ضرور مل جائے لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا نام عظیم فاسٹ بولرز کی فہرست میں لانے کیلئے انہیں ٹیسٹ ریکارڈ بہتر بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹار ہے لیکن آفریدی کی تمام کرکٹ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم بولرز کی فہرست میں شاہد آفریدی کا نام کبھی شامل نہیں ہوسکتا۔وسیم اکرم نے کہا کہ محمد عامر ابھی کم عمر ہے اس کا کیریئر مزید طویل ہوسکتا ہے، اس لیے انہیں ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے۔وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے خوشی ہوگی جب عامر اپنا کیریئر ختم کریں تو ان کے نام کے سامنے ڈھائی تین سو وکٹ ہوں اور انہیں بھی عظیم ترین بولرز کی فہرست میں شامل کیا جائے۔

سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ سے قبل ایک سال کا مصروف سیزن ہے اس لیے ٹیم انتظامیہ کو 25کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردینا چاہیے اور ان کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس پر توجہ دینی ہوگی اور ٹیم انتظامیہ کو ان کھلاڑیوں کو احتیاط سے استعمال کرنا ہوگا۔لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے بھی آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی اس تجویز کو مسترد کردیا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ میں ٹاس ختم کرکے مہمان ٹیم کو پہلے بولنگ یا بیٹنگ کا اختیار دیا جائے۔وسیم اکرم نے کہا کہ کرکٹ میں یہ روایتی چیزیں ہیں اور یہی کرکٹ کی اصل روح ہے اس لیے ٹاس کو ختم کرنا سمجھ سے بالاتر ہوگا، ٹاس ہی سے کرکٹ کی اصل دلچسپی دیکھنے میں آتی ہے۔