کوہلی کی دورہ انگلینڈ کیلئے تیاریوں کو دھچکا، گردن کی انجری کا شکار

انجری کے سبب انگلش کانٹی سرے کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے،ڈاکٹرز کا چند ہفتے آرام کا مشورہ

جمعہ مئی 21:09

کوہلی کی دورہ انگلینڈ کیلئے تیاریوں کو دھچکا، گردن کی انجری کا شکار
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2018ء) بھارت کے کپتان ویرات کوہلی کی دورہ انگلینڈ کے لیے تیاریوں کو بڑا دھچکا لگا ہے اور وہ انجری کے سبب انگلش کانٹی سرے کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(((بی سی سی آئی))نے اپنے بیان میں کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ میں 17مئی کو سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان میچ کے دوران کوہلی کی گردن میں انجری ہوئی۔

(جاری ہے)

انڈین بورڈ کے مطابق طبی عملے نے کوہلی کی انجری کا معائنہ کر کے انہیں چند ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ سے قبل انجری سے نجات حاصل کر سکیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کوہلی انجری سے صحتیابی کے بعد ٹریننگ کریں گے اور امید ہے کہ وہ 15جون تک صحتیاب ہو جائیں گے۔2014کے گزشتہ دورہ انگلینڈ کے دوران 10 اننگز میں 134 رنز کی خراب کارکردگی کے پیش نظر کوہلی نے اس سال دورے کی قبل از وقت تیاریوں کی غرض سے انگلش کانٹی سرے سے معاہدہ کیا تھا تاہم اب وہ کانٹی نہیں کھیل سکیں گے۔۔بھارتی ٹیم رواں سال 5 ٹیسٹ، 3 ٹی20 اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ یکم اگست سے ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔