دو افراد نے کچہری روڈ پر 5 ہزار روپے ادھار نہ دینے پر تاجر کو شدید زخمی کر دیا

جمعہ 25 مئی 2018 21:59

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) پانچ ہزار روپے ادھار نہ دینے پر تشدد سے تاجر شدید زخمی ہوگیا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال اور تھانہ سٹی کے عملہ کی ملی بھگت سے مقدمہ کمزور بنا دیا گیا۔ سبزی منڈی ایبٹ آباد کے معروف آڑھتی و کاروباری شخصیت معصوم شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا چھوٹا بھائی نعمان شاہ کچہری روڈ پر عطر کا کاروبار کرتا ہے، کچہری روڈ پر چونے کا کام کرنے والے حسینی اور افضل نامی دو ملزمان نے نعمان شاہ سے پانچ ہزار روپے ادھار مانگے جس پر نعمان شاہ نے کہاکہ وہ خود مزدوری کرتا ہے، آپ کو دینے کیلئے اس کے پاس پانچ ہزار روپے نہیں ہیں جس پر دونوں ملزمان نے نعمان شاہ سے کہا کہ تم پانچ ہزار روپے ضرور ہمیں دو گے، توں تکرار کے دوران دونوں ملزمان نے چھریوں کے وار کر کے نعمان شاہ کو زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

نعمان شاہ کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ملی بھگت سے میرے بھائی کی رپورٹ کو تبدیل کروا دیا گیا ہے، ملزمان نے تشدد کر کے میرے بھائی کے دو دانت توڑ دیئے ہیں، اس کے علاوہ اسے چھری مار کر زخمی بھی کیا لیکن ڈاکٹروں کی ملی بھگت سے میڈیکل رپورٹ کو تبدیل کر دیا گیا جبکہ دوسری جانب تھانہ سٹی کا عملہ بھی ملزمان کی مکمل پشت پناہی کر رہا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

معصوم شاہ کے مطابق حسینی اور افضل نامی اشخاص سے ایبٹ آباد شہر کے تمام دکاندار سخت تنگ ہیں، افضل نامی شخص منشیات فروشی کا دھندہ بھی کرتا چلا آ رہا ہے، دونوں ملزمان کے خلاف ہفتہ میں ایک دو درخواستیں لازمی آتی ہیں۔ معصوم شاہ نے ڈی آئی جی ہزارہ رینج اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے کارروائی اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔