مسلم لیگ ن کی ایک اور وکٹ گر گئی

مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی حسین گردیزی تحریک انصاف میں شامل ہو گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ مئی 19:50

مسلم لیگ ن کی ایک اور وکٹ  گر گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2018ء) مسلم لیگ ن کی ایک اور وکٹ گر گئی۔ مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی حسین گردیزی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے اندر اندر تحریک انصاف نے جس طرح سے پاکستانی سیاست میں قدم جمائے ہیں اور اپنی سیاسی ساکھ کو مضبوط کیا ہے اس کی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کم ہی مثال ملتی ہے۔

ایک جانب تحریک انصاف کی مضبوط ہوتی ہوئی سیاسی پوزیشن تو دوسری جانب اسکی حریف جماعتوں کی گرتی ہوئی ساکھ نے تحریک انصاف کو پاکستانی سیاست کی چوٹی کی جماعت بنا دیا ہے۔گزشتہ ایک سال میں پاکستان تحریک انصاف میں دیگر جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بڑے بڑے ناموں نے شمولیت اختیار کی ہے جن میں رضا حیات، ندیم افضل چن،،فردوس عاشق اعوان اور بڑے بڑے انتخابات جیتنے والے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے چوٹی کے سیاستدانوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت اشارہ ہے کہ پنجاب مسلم لیگ ن کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔اب تک 100سے زائد الیکٹیبلز نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔جن میں سے اکثر کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا۔تازہ ترین خبر کے مطابق مسلم لیگ ن کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی۔۔مسلم لیگ ن کے ممبر قوی اسمبلی حسین گردیزی نے مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ دیا۔

خانیوال کے حلقے پی پی 213 سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے حسین گردیزی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حسین گردیزی نےعمران خان کی قیادت ہر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایک نئے سیاسی سفر کی شروعات کا عزم ظاہر کیا رکن صوبائی اسمبلی حسین گردیزی 2013کے انتخابات میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 213سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔