محمد شہبازشریف کی شکرگڑھ آمد،شہید لانس نائیک محمد شاہد منہاس کے اہل خانہ سے ملاقات ،ْ تعزیت کا اظہار ، شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی ،ْوزیراعلیٰ کا شہید کے خاندان کیلئے 25 لاکھ روپے امداد، مفت علاج اور بچوں کیلئے مفت تعلیم کا اعلان ،ْبھارتی فوج کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام اور انتہائی قابل مذمت فعل ہے،شہبازشریف

جمعہ 25 مئی 2018 22:02

محمد شہبازشریف کی شکرگڑھ آمد،شہید لانس نائیک محمد شاہد منہاس کے اہل ..
لاہور۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف شکرگڑھ کے نواحی موضع پھگواڑی مسلماناں گئے۔ وزیراعلیٰ نے ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے رینجرز کے لانس نائیک محمد شاہد منہاس کے والد، اہلیہ اور بچوں کے علاوہ دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے شہید لانس نائیک محمد شاہد منہاس کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے بچوں کو دلاسہ دیا اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے خاندان کیلئے 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ شہید کے بچوں کو فری تعلیم دی جائے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت تعلیم کے ساتھ علاج معالجے کی مفت سہولتیں بھی مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید کے خاندان کی دیکھ بھال ہمارا فرض ہے،پنجا ب حکومت اس ضمن میں ہرممکن اقدام کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے شہید لانس نائیک محمد شاہد منہاس کی جرأت اور بہادر ی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کے بہادر لانس نائیک محمد شاہد منہاس نے وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی ۔

پوری قوم کوشہید لانس نائیک محمد شاہد منہاس کی عظیم قربانی پر ناز ہے ۔ جس قوم کے پاس شہیدلانس نائیک محمد شاہد منہاس جیسے بہادر سپوت ہوں اس کی جانب کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ شہید لانس نائیک محمد شاہد منہاس 22 کروڑ پاکستانیوں کے ہیرو ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام اور انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔

بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، پوری پاکستانی قوم دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے متحد ہے اور اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں اور شہید محمد شاہد منہاس بھی زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو شہید شاہد منہاس کی قربانی پر فخر ہے۔ یہ پاکستان کا بہادر سپوت اور دھرتی کا ناز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس خاندان کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔