پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ہدایت پرغیرقانونی عامر چشتی ہسپتال سر بمہر کر دیا گیا

0مریض بازیاب،معائنہ کے بعد گھروں کو بھیج دیا،آٹھ افراد گرفتار

جمعہ 25 مئی 2018 22:25

لاہور۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ہدایت پر ضلعی ہیلتھ اتھارٹی نے منشیات کے علاج وبحالی کے غیر قانونی ہسپتال کوگزشتہ روز سر بمہر کر دیا اور 250مریضوں کو بازیاب کراکے مکمل معائنے کے بعد اپنے گھروں کو بھجوادیا۔ان مریضوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہاتھا۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے آٹھ افراد کوگرفتارکر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عامر چشتی ہسپتال غیر قانونی طورپر چلایا جارہاتھا اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹر ڈنہیں تھا۔کمیشن کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ،صحت کے دونوں محکمے اور پولیس نے ہسپتال کے خلاف کارروائی کے لیے منصوبہ بندی کی ۔ ہیلتھ اتھارٹی کے ساتھ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے کارروائی میں حصہ لیا اور250مریضوں کو بازیاب کروا کے معائنہ کے لیے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسزمنتقل کیا ۔

(جاری ہے)

جہاں پر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ منشیات و ذہنی امراض پروفیسر ڈاکٹر آفتاب آصف کی سربراہی میں ایک چار رکنی بورڈ نے مریضوں کا معائنہ کیا اور ضروری علاج و معالجہ کے بعد انھیں اپنے اہل خانہ کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ اس ہسپتال کو غیر قانونی کام کرنے کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے سیل کیا تھا،لیکن ہسپتال کے مالک عامر چشتی اور عمران چشتی نے غیر قانونی طور پر سیل توڑ دی اور مکروہ دھندہ دوبارہ شروع کر دیا۔پنجا ب ہیلتھ کیئر کمیشن نے متعلقہ حکام کو ان کے خلاف مجرمانہ کارروائی کی ہدایات دیں۔تھانہ گجر سنگھ میں پرچہ درج کر کے آٹھ افراد کوحراست میں لے لیا ہے جبکہ ہسپتال کے مالکان تاحال مفرور ہیں۔