لاہور ہائیکورٹ نے انتخابات سے قبل پنجاب کے سولہ حلقوں کی نئی حلقہ بندیوں کیخلاف دائر درخواستیں الیکشن کمیشن کو بھجوادیں

جمعہ 25 مئی 2018 22:25

لاہور۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے انتخابات سے قبل پنجاب کے سولہ حلقوں کی نئی حلقہ بندیوں کے خلاف دائر درخواستیں نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بھجوادیں۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے نئی حلقہ بندیوں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی،درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ حلقہ بندیوں سے قبل امیدوروں کو سننا اور اعتراضات لینا ضروری ہے، پی پی 149 کی حلقہ بندی سے قبل نہ تو حلقے کے ووٹرز سے اعتراضات مانگے گئے نہ ہی ان کے موقف کو سنا گیا،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بدنیتی سے سیاسی بنیادوں پر حلقہ بندیاں کیں۔

انہوں نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے قانون کے برعکس نئی حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیا جائے،عدالت نے پنجاب کے سولہ مختلف حلقوں کی نئی حلقہ بندیوں کے خلاف دائر درخواستیں نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیں،عدالت نے الیکشن کمیشن کو تمام فریقین کا موقف سن کرقانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدائت کی ہے۔