ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

جمعہ 25 مئی 2018 22:25

لاہور۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری کے خلاف عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کے الزام میں توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے مقامی شہری حاجی رفیع کی درخواست پر سماعت کی جس میں عدالتی احکامات کے باوجود ڈی جی والڈ سٹی کی جانب سے درخواست گزار کی دادرسی نہ کرنے کا اقدام چیلنج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ اندرون شہر کی شاہ عالم مارکیٹ میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کو کئی درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی سے مایوس ہوکر عدالت سے رجوع کیا اور عدالت نے کامران لاشاری کو حکم دیا کہ درخواستگزار کا موقف سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے تاہم ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی نے عدالتی احکامات بھی ہوا میں اڑا دیئے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ڈی جی والڈ سٹی کیخلاف عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔