ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے سیاسی ویژن کا ادراک رکھنے والے لوگ پیپلز پارٹی کے سوا کسی دوسری جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے،حاجی محمد گلزار اعوان

رکنیت سازی کیمپوں میں لوگ دیوانہ وار رکنیت حاصل کر رہے ہیں،آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی یعنی عوامی اقتدار کا دور ہوگا ،نائب صدرپی پی پی راول پنڈی ڈویژن

جمعہ مئی 22:37

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے سیاسی ویژن کا ادراک رکھنے والے لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کے سوا کسی دوسری جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے ․ راولپنڈی کینٹ سمیت ملک بھر میں جیالوں کی انتھک محنت کے نتیجے میں عوام الناس کی بڑی تعداد اس ویژن سے آگاہی حاصل کرکے پی پی پی کی رکن بن چکی ہے اور ہمارے رکنیت سازی کیمپوں میں لوگ دیوانہ وار رکنیت حاصل کر رہے ہیں ․ آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی یعنی عوامی اقتدار کا دور ہوگا جس میں ملک کو درپیش حقیقی مسائل پر توجہ دی جائیگی ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی کینٹ پیپلز کالونی میں پارٹی کے سرگرم جیالے زاہد مسعود خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی ایک افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ اس موقع پر پیپلز سیکریٹریٹ امن ہائوس پشاور روڈ کے ترجمان راجہ ساجد کلیم کیانی کے علاوہ زرین حسین خان ، خالد جیالا ، حاکم علی طاہر اور دیگر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ․ جیالوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو راولپنڈی کینٹ میں از سر نو منظم و فعال بنانے کیلئے حاجی محمد گلزار اعوان کا کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ․ حاجی گلزار اعوان نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے اور میں خود بھی آپ ہی کی طرح بھٹو شہید اور بی بی شہید کا ایک ادنی سا کارکن ہوں ․ انہوں نے کہا کہ عوامی جمہور کے نعرے لگانا اور بات ہے اور اس پر عمل کرنا دوسری بات ہے ․ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب اور بے وسیلہ کارکنوں کا حوصلہ افزائی کی اور انہیں ان کی اہلیت و صلاحیت کے مطابق ترقی کے قومی دھارے میں کردار دیا ․ سینٹ کے حالیہ الیکشن میں خیبر سے کراچی تک عوام نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ جب کروڑوں روپے میں ٹکٹ بیچے گئے اس وقت ہماری موجودہ قیادت نے کرشنا کوہلی ، چوہدری لعل دین اور بہرہ مند تنگی جیسے بے وسیلہ پارٹی کارکنوں کو سینٹ کا رکن بنا کر ثابت کیا کہ پی پی پی آج بھی شہید بھٹو اور شہید رانی کے سیاسی فلسفے پر چل رہی ہے اور اللہ تعالی کی ذات اقدس کے بعد غریب کارکنوں سمیت بے وسیلہ عوام ہی ہماری طاقت ہیں ․ انہو ںنے کہا کہ ہم آنے والے الیکشن میں ملک بھر سے بھر پور کامیابی حاصل کریں گے ۔