ْفاٹا کا خیبر پختونخواہ میں انضمام کی آئینی ترامیم کی منظوری خوش آئند ہے ،میاں کامران سیف

جمعہ 25 مئی 2018 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے فاٹا کا خیبر پختونخواہ میں انضمام کی آئینی ترامیم کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ترمیم کے بعد فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام سے قبائلی عوام کو قومی دھارے میں شامل کرکے علاقہ کو ترقی دی جائے گی اور قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ وسیع ہوگا اور ان کے بہتر مستقبل کیلئے کام کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ آئینی ترامیم سے فاٹا میں ترقیاتی کاموں کا آغازاور علاقہ سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔فاٹا کی عوام کو سہولیات کی فراہمی ،ملازمتوں میں بھی خاطر خواہ حصہ ملے گا ۔آئینی ترمیم سے فاٹا کی عوام کو ان کے آئینی حقوق فراہم کیے جائیں گے جس سے علاقہ میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک ختم ہوجائے اور ملک بھر میں امن و امان کے نئے دو ر کا آغاز ہوگا۔