حافظ آباد،ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کا نر سنگ سکول ڈی ایچ کیو ہسپتال کی 110نرسنگ طالبات کو وظیفہ کی عدم ادائیگی کی میڈیا رپورٹس کا نوٹس

اس سلسلہ میں میڈیکل سپر ٹینڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ریحان اظہر کی زیر نگرانی 40لاکھ کے فنڈز ملنے کے بعد طالبات کو تین ماہ کے وظیفہ کی ادائیگی کر دی گئی ہے

جمعہ 25 مئی 2018 22:41

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد صالحہ سعید کی جانب سے نر سنگ سکول ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد کی 110نرسنگ طالبات کو گذشتہ آٹھ ماہ سے وظیفہ کی عدم ادائیگی کی میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے طالبات کو وظیفہ کی فوری ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں میڈیکل سپر ٹینڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ریحان اظہر کی زیر نگرانی 40لاکھ کے فنڈز ملنے کے بعد طالبات کو تین ماہ کے وظیفہ کی ادائیگی کر دی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ وظیفہ کی ادائیگی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز موصول ہوتے ہی کر دی جائیگی ۔

ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کے علم میں آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبات کو گذشتہ آٹھ ماہ سے وظیفہ کی ادائیگی نہیں کی جا رہی تھی جس پر انہوں نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حامد رفیق اور ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر حافظ آباد حنیف بھٹہ کو معاملہ فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ،ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ افسران نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی ہوتے ہی طالبات کو ادائیگی کر دی جائیگی جس پر ڈی سی نے صوبائی سطح پر فنانس ڈیپارٹمنٹ کو معاملہ حل کرنے کی درخواست کی تاکہ رمضان المبارک اور عید کے پیش نظر طالبات کی معاشی مشکلات حل ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ریحان اظہر نے بتایا کہ ڈی سی کی خصوصی کاوش اور ذاتی دلچسپی سے طالبات کا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور آج چالیس لاکھ کے فنڈز موصول ہوتے ہی نرسنگ طالبات کو تین ماہ کے وظیفہ کی ادائیگی کر دی گئی ہے انہوں نے مزید بتایا کہ باقی ماندہ وظیفہ کے لئے درکار فنڈز کے لئے بھی ڈی سی فنانس ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ میں ہیں اور جیسے ہی فنڈز وصول ہونگے طالبات میں فوری تقسیم کرت دئیے جائینگے انہوں نے واضح کہا کہ اس عارضی تعطل اور عدم ادائیگی میں محکمہ صحت اور اکائو نٹس آفس کی کوئی سستی اور کوتاہی نہیں ہے ۔

دریں اثنا حافظ آباد میں نرسنگ سکول کی طالبات نے شدید گرمی اور چلچلاتی دھوپ میں تیسرے روز بھی مکمل ھڑتال کرتے ہوئے گذشتہ آٹھ ماہ سے اعزازیہ نہ ملنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے شروع ہوکر فوارہ چوک سے ہوتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس پہنچی ۔جہاں طالبات نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ آٹھ ماہ سے اعزازیہ سے محروم چلی آرہی ہیں اور باقاعدگی سے ڈیوٹی دینے کے باوجود محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کی جانب سے انہیں اعزازیہ نہیں دیا جارہا جس کی وجہ سے ہسپتال میں کام چھوڑ کر سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔

طالبات نے مزید کہا کہ جب تک انہیں اعزازیہ نہیں دیا جاتا وہ ہسپتال میں کام نہیں کریں گی۔ طالبات کی ھڑتال اور احتجاج کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔