کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، ذوالفقار علی گھمن

جمعہ 25 مئی 2018 22:43

راولپنڈی 25مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) رجسٹرارکو آپریٹوز پنجاب ذوالفقار علی گھمن نے کہاہے کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے امور قوائد و ضوابط کے مطابق سرانجام دئیے جائیں اور ایسے حالات نہ پیدا کئے جائیں جن سے سوسائٹی ممبران کے لیے مشکلات پیدا ہوں اور انہیں اپنے پلاٹس کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے یہ بات محکمہ امداد باہمی راولپنڈی میں کوآپریٹو افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں جوائنٹ رجسٹرار کو آپریٹوز حامدعلی شہزاد ہاشمی ، ڈپٹی رجسٹرار محمد اعجاز خان ،چوہدری حسن عباس، سرکل رجسٹرار محمد اصغر اعوان ، محمد سرفراز خان، رانا دلنواز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ذوالفقار علی گھمن نے راولپنڈی کی حددو میں واقع کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹیز کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کوآپرٹیو افسران سے کہا کہ وہ ان ہاؤسنگ سوسائٹیز کی سائیٹس کا معائنہ کریںجن کی زمین کی خریداری، اراضی کے قبضہ اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے معاملات معرض التوا میں ہیں اور اس کی وجہ سے ممبران رقوم کی ادائیگی کے باوجود اپنے پلاٹس سے محروم ہیں۔

ذوالفقار علی گھمن نے کہا کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے لیے قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔اور ایسے عناصر کی نشاندہی کی جائے جو اپنے ذاتی مفادات کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹیز کے امور میں روکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز انتظامیہ کے ایسے موجود اور سابق عہدیداران کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے جو کسی قسم کی بدعنوانی میں ملوث ہیں اور ان کی وجہ سے سوسائٹیز کو مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔اجلاس کے دوران کو آپریٹو افسران نے مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق معاملات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :