سرگودھا، ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث گوالہ کالونی کی آبادکاری ایک مرتبہ پر سست روی کا شکار ہو کر رہ گئی

گوالوں نے شہر سے ملحقہ علاقوں میں جانوروں کے باڑے بنا نا شروع کر دیئے

جمعہ 25 مئی 2018 22:45

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ اور الاٹمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کی عدم دلچسپی کی وجہ سے گوالوں کو الاٹمنٹ کے ساتھ ساتھ گوالہ کالونی کی آبادکاری ایک مرتبہ پر سست روی کا شکار ہو کر رہ گئی ہے جس کے باعث گوالوں نے شہر سے ملحقہ علاقوں میں پرائیوٹ جگہیں حاصل کر کے جانوروں کے باڑے بنا نا شروع کر دیئے ہیں،ذرائع کے مطابق مذکورہ کمیٹی کے چیئر مین کئی روز گزر جانے کے باوجود ان پلاٹوں کی تقسیم بارے فیصلہ نہیں کر سکتے ہیں، انکا کہنا ہے کہ پہلے گوالہ کالونی کا معائنہ کر کے افسران سے مشاورت کے بعد گوالوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی جائے گی۔

جبکہ بلدیہ سرگودھا کی جانب سے 112 گوالوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے بھی روک دیا گیا ہے، گوالہ کالونی میں مجموعی طور پر 316 پلاٹس ہیں، اس طرح جہاں الاٹمنٹ کا عمل متنازعہ صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے وہاں گوالہ کالونی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن نہیں بنائی جا سکی ہے جس کے باعث گوالوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ، گوالوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے جانور زبردستی شہر سے باہر نکال کر ہمارے ساتھ زیادتی کی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ دو سالوں سے گوالہ کالونی نہیں بن سکی ، ابھی تک بجلی اور دیگر ترقیاتی کام مکمل نہیں ہو سکے ہیں، جس پر کارروائی سے بچنے کیلئے ہمیں مہنگے داموں رقبے خریدنے یا کرایہ پر حاصل کرنا پڑ رہے ہیں،اسی طرح پلاٹوں کا سائز بھی کم ہے، ان پلاٹوں میں مقررہ حد تک جانور نہیں آ سکتے،اگرپلاٹوں کے سائز میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات جلداز جلد مکمل نہ کروائے گئے تو گوالہ کالونی کا منصوبہ فلاپ ہو جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :