مویشی منڈیوں میں بھتہ خوری پر قابوپالیا گیا ہے،محمد علی کھوکھر

جمعہ 25 مئی 2018 22:46

ملتان۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) چیئرمین ملتان کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی محمد علی کھوکھر نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں بھتہ خوری پر قابوپالیا گیا ہے۔ منڈیوں کی بہتر صورت حال اس بات کی عکاسی ہے کہ حالات کی بہتری کے لئے صاف نیت سے بھرپور محنت کی گئی۔ انتظامیہ کے بھرپور تعاون اور رہنمائی سے کمپنی کے معاملات درست سمت کی طرف رواں ہیں اور وقت کے ساتھ ان میں مزید بہتری آتی جائے گی۔

کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں سے نئی مویشی منڈی کا پی سی ون منظور ہوپایا جو یقینا جنوبی پنجاب کی عوام کے لئے تحفہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی محمد علی کھوکھر نے ملتان کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا کہ غیر قانونی منڈیاں لگانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔

منڈیوں کے باہر غیر قانونی توڑی یا چارہ بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کیا جائے اور ان پر ایف آئی آر درج کروائی جائے۔ پولیس کی نفری ہر ہفتہ اور اتوار کو منڈیوں کے باہر موجود رہے اور ایسے لوگوں کو گرفتار کیا جائے جو منڈیوں کے باہر غیر قانونی کاروبار کررہے ہیں۔مئیر ملتان چوہدری نوید آرائیں نے کہا کہ غیر قانونی منڈیوں اور چارہ وغیرہ بیچنے والوں کی وجہ سے ٹھیکیداروں کا حوصلہ پست ہوتا ہے۔

اس لئے ان کے خلاف انتہائی سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر ایم ڈی کیٹل مارکیٹ ڈاکٹر حماد علی نے بتایا کہ کمپنی کا ریونیو بڑھانے کے لئے چارہ اور جانوروں کے زیورات کی دکانیں ،فوڈ پوائنٹ اور ٹرالی وغیرہ ٹھیکہ پر دے دی گئی ہیں جبکہ عارضی منڈیوں میں مسجد، انتظارگاہوں، پانی کی ٹینکی، جانوروں کے چارے اور پانی کے لئے جگہ کی تعمیرات کی جارہی ہیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو شیخ محسن اور بورڈز کے تمام اراکین بھی موجود تھے۔