یوسف ایوب خان کی کاوش سے ٹی ایم اے سلائی سنٹرز کی ٹیچرز کی تنخواہیں بڑھا کر 15 ہزار روپے کر دی گئیں

جمعہ مئی 22:48

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2018ء) تحریک انصاف کے رہنما سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان کی کاوش سے ٹی ایم اے سلائی سنٹرز کی ٹیچرز کی تنخواہیں اڑھائی ہزار سے بڑھا کر 15 ہزار روپے کر دی گئی ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد میونسپل ایمپلائز اینڈ ورکر یونین کے زیراہتمام ٹی ایم اے ہال میں اظہار تشکر تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی یوسف ایوب خان تھے۔

اس موقع پر تحصیل ناظم طارق خان، ٹی ایم او شعیب خان، ڈسٹرکٹ کمیشن آن سٹیٹس فار ویمن کی چیئرپرسن ساجدہ حسرت خان، ممبر تحصیل کونسل تیمور خان، حزب الله خان، یونین کے صدر راجہ زبیر و دیگر سمیت ضلع بھر کے 45 سنٹرز کی کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔ مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ایم اے ملازمین کے مسائل حل کرنے اور وکیشنل سنٹرز کی ٹیچرز کی تنخواہوں میں اضافہ کروانے پر یوسف ایوب خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

ساجدہ حسرت خان نے غریب طالبات کو پاکستان بیت المال اور محکمہ زکوٰة کی جانب سے مالی امداد اور سنٹرز کیلئے نئی سلائی مشینوں کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ مہمان خصوصی یوسف ایوب خان نے کہا کہ سرکاری ملازم ہمارے دست و بازو ہیں، بہترین سروسز فراہم کرنے پر پی ٹی آئی کی عوام دوست حکومت نہ صرف ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے اور کرے گی بلکہ انہیں مراعات بھی دے گی۔

اس حوالہ سے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن نے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی میں شکایت نہ ملنے والے آپریٹر کو نقد انعام کا جو اعلان کیا ہے بہت خوش آئند ہے۔ انہوں نے سلائی سنٹرز کی کوآرڈینیٹرز پر زور دیا کہ حکومت نے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا ہے، اب وہ اپنے کام میں بھی بہتری لائیں جو سنٹرز مطلوبہ رزلٹ نہیں دیں گے ان کو بند کر دیا جائے گا۔