راولپنڈی،شہادت کے لیے پیش نہ ہونے پر 70سے زائد پولیس اہلکاروں کی تنخواہ بند، وارنٹ گرفتاری جاری

جمعہ 25 مئی 2018 22:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) راولپنڈی کی ماتحت عدالتوں نے چوری، ڈکیتی،اقدام قتل، اغوا، منشیات ،جعلی چیک،لڑائی جھگڑے سمیت دیگر مقدمات طلبی کے باوجو شہادت کے لیے پیش نہ ہونے پر 70سے زائد پولیس اہلکاروں کی تنخواہ بند کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، گزشتہ روز مختلف ماتحت عدالتوں نے 16ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے 11ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا اور 5ملزمان کو استغاثہ کی جانب سے جرم ثابت نہ کرنے پر بری کرتے ہوئے رہا کر دیا جبکہ مختلف مقدمات میں طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر 8سب انسپکٹروں،13اسسٹنٹ سب انسپکٹروں سمیت 70سے زائد پولیس اہلکاروں کی تنخواہ بند کردی اور وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی کو رپورٹ بھجوا دی ۔