خان پور ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد ڈیڈ لیول سے صرف 20 فیصد اوپر رہ گئی ،ْاسلام آباد اور راولپنڈی میں پانی کا سنگین بحران متوقع

پانی جمع کرنے والے علاقوں میں بارشیں نہ ہونے، گرم اور خشک موسم کے باعث پانی کے ذخائر میں بڑی حد تک کمی ہوئی ،ْ ڈیم انتظامیہ

جمعہ 25 مئی 2018 22:53

ٹیکسلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) خان پور ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد ڈیڈ لیول سے صرف 20 فیصد اوپر رہ گئی ،ْجو اس بات کا اشارہ ہے کہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کو پانی کے سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پانی کے ذخائر کم ہونے پر حکام کی جانب سے خطرے کا اظہار کیا گیا اور کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) اور راولپنڈی میں کنٹونمنٹ بورڈز کو کہا گیا کہ وہ پانی کے محفوظ کرنا شروع کردیں۔

اس حوالے سے ڈیم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پانی جمع کرنے والے علاقوں میں بارشیں نہ ہونے، گرم اور خشک موسم کے باعث پانی کے ذخائر میں بڑی حد تک کمی ہوئی۔ڈیم کے ایک عہدیدار عرفان خٹک نے بتایا کہ ڈیم میں پانی کے ذخائر ڈیڈ لیول سے صرف 20 فٹ اوپر ہیں اور اگر بارش نہیں ہوتی تو یہ پانی صرف ایک مہینے تک استعمال کیا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مختلف بینیفشریز کو پانی کی فراہمی کے باعث یومیہ پانی کی سطح میں 0.10 فٹ کمی ہورہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پانی کی یومیہ طلب 146 کیوسک ہے جبکہ اس کی رسائی اس سے کہی کم صرف 45 کیوسک یومیہ ہے۔انہوںنے کہاکہ ڈیم میں پانی کی سطح میں کمی کے باعث خیبرپختونخوا اور پنجاب میں آب پاشی کے لیے فراہم کیے جانے والے پانی میں بھی کمی ہوئی ہے۔دوسری جانب چکوال شہر کو پانی کی فراہمی کے لیے میگا پروجیکٹ تاحال مکمل نہیں ہوسکا کیونکہ ترقی و منصوبہ بندی بورڈ نے نظرثانی شدہ لاگت کا تخمینہ منظور نہیں کیا۔اس بارے میں بتایا گیا کہ حکومتی اختلافات کے باعث رواں سال دسمبر میں مکمل ہونے والا اس منصوبے کا اب دسمبر 2020 میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔