کوئٹہ، وفاقی حکومت کے تمام تر دعوئوں کے باوجود ماہ رمضان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو،حاجی نظام الدین کاکڑ

افطاری اور سحری کے اوقات میں شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بلوچستان میں زراعت کا شعبہ بھی تباہ ہو گیا ہے، صوبائی جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی

جمعہ 25 مئی 2018 23:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے تمام تر دعوئوں کے باوجود ماہ رمضان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی افطاری اور سحری کے اوقات میں شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بلوچستان میں زراعت کا شعبہ بھی تباہ ہو گیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ماہ رمضان میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی مگر تمام تر دعوئوں اور وعدوں کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے خاص کر کوئٹہ اور پشتون علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی افطاری اور سحری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور صوبہ کے عوام کے ساتھ ہونے والے مذاق کا سلسلہ فوری طورپر بند کیا جائے بصورت دیگر ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔