سیکولر اور لبرل عناصر نظریاتی تشخص اور اسلامی دفعات کے خلاف سرگرم عمل ہیں ،حافظ نعیم الرحمن

مجلس عمل ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ، عوام کے مسائل حل کرے گی ۔نیو کراچی میں عوامی دعوت افطار سے خطاب

جمعہ 25 مئی 2018 23:09

سیکولر اور لبرل عناصر نظریاتی تشخص اور اسلامی دفعات کے خلاف سرگرم عمل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران شکلیں بدل بدل کرآتے ہیں اور عوام کو بیوقوف بناتے ہیں ،حکمرانوں کے حالات تو بدل جاتے ہیں لیکن عوام کی حالت آج تک نہیں بدلی ،حکومت اور اپوزیشن دونوں کے اندر امریکہ و مغرب کے غلام اور سیکولر اور لبرل عناصر موجود ہیں جو ملک کے دینی اور نظریاتی تشخص اور آئین کی اسلامی دفعات کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔

متحدہ مجلس عمل سیکولر اور لبرل عناصر کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو کراچی ساڑھے پانچ نمبر میں جماعت اسلامی کے تحت ایک بڑی عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،دعوت افطار سے امیر زون نیو کراچی اکبر قریشی اور دیگر نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

قریشی برادری ، گودھرا برادری اور کاغذی برادری کے رہنماؤں و کارکنوں نے افطار پارٹی میں بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل دینی جماعتوں کا اتحاد ہے اور یہ کراچی سمیت ملک بھر میں حقیقی طور پر متبادل قیادت کی صورت میں ابھرے گا اور عام انتخابات میں ماضی سے زیادہ نمایاں ومثالی کارکردگی کا مظاہر ہ کرے گا ، عوام کے اعتماد پر پورا اترے گا اور عوام کے دیرینہ مسائل حل کرائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی میں ایک سازش اور منصوبہ بندی کے تحت ملک کے اسلامی تشخص اور آئین کی اسلامی دفعات کوختم کرنے کی کوشش کی گئی ، عقیدہ ختم نبوت ﷺاور قانون توہین رسالت کو نشانہ بنایا گیا ،سندھ اسمبلی کے اندر تبدیلی مذہب کے حوالے سے ایک انتہائی شرمناک اور خلاف اسلا م قانون پیش کیا گیا، یہ سب کچھ اپنے بیرونی آقائوں کی خوشنودی کے لیے کیا گیا ،متحدہ مجلس عمل دینی جماعتوں کا اتحاد ہے ہم سب دین کی بنیا د پر جمع ہوئے ہیں ،مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے سڑکوں اور گلیوں پر اور پارلیمنٹ کے اندر ملک کے خلاف سیکولر اور لبرل لابی کی سازشوں کا مقابلہ کیا جائے گا اور ان کے مذموم مقاصد کو ہر گز پورا نہیں ہونے دیا جائے گا ،مجلس عمل کراچی کے اسلامی اور دینی تشخص کوبھی بحال کرے گی اور شہر کو تعمیر و ترقی کی جانب گامزن کرے گی ، کراچی کے عوام آج پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی حکومتوں کی وجہ سے بجلی ،پانی اور ٹرانسپورٹ جیسے مسائل کا شکار ہیں ،مجلس عمل عوام کو ان مسائل سے نجات دلائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کو اب اپنا رویہ درست اور تبدیل کرنا ہوگا اور عوام کے مسائل حل کرنے ہوں گے ،عام انتخابات میں اب کراچی کے اندر ماضی کی طرح کسی کو بھی دھاندلی اور عوام کے مینڈیٹ کو اغوا نہیں کرنے دیا جائے گا ،ماضی کی لسانیت کی سیاست نے کراچی کو تباہی و بربادی سے دوچار کیا ۔اب لسانیت اور عصبیت کی سیاست نہیں چلے گی ،مجلس عمل نفرت اور تعصبات سے بالا تر ہوکر کراچی کے عوام کی خدمت کرے گی ،عوام مجلس عمل کا ساتھ دیں اور چہرے اور نام بدل بدل کر آنے والوں کو مسترد کردیں۔