لارڈز ٹیسٹ ،ْبرطانوی وزیراعظم بھی پاکستان کی کارکردگی کی معترف

برطانوی وزیراعظم تین گھنٹے تک گراؤنڈ میں موجود رہیں ،ْ پاکستانی شائقین کے درمیان گھل مل گئیں

جمعہ 25 مئی 2018 23:34

لارڈز ٹیسٹ ،ْبرطانوی وزیراعظم بھی پاکستان کی کارکردگی کی معترف
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔ٹریزا مے اپنے شوہر فلپ جون کے ہمرا پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ دیکھنے آئیں جو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلا جارہا ہے۔اس موقع پر ان کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین نجم سیٹھی، بزنس مین اور سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر اشرف چوہان بھی موجود تھے۔

برطانوی وزیراعظم نے پی سی بی چیئرمین کو کہا کہ پاکستان نے اب تک بہت اچھا کھیل پیش کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ لارڈز کے میدان پر ہمیشہ تماشائیوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے آتی ہے اور پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچز دلچسپ ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹریزا مے نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے کھیل کے پہلے روز بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے انگلینڈ کو شاندار گیند بازی کی بدولت 184 پر آؤٹ کیا تھا۔

اس موقع پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی فارم اچھی ہے اور ڈسپلن کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی کامیاب ہوگی۔برطانوی وزیراعظم تین گھنٹے تک گراؤنڈ میں موجود رہیں اور پاکستانی شائقین کے درمیان گھل مل گئیں۔