اب صوبے کے تمام سیاسی اور دیگر فیصلے یہاں ہونگے ، رکن بلوچستان اسمبلی سردار درمحمد ناصر

جمعہ 25 مئی 2018 23:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدر و رکن بلوچستان اسمبلی سردار درمحمد ناصر ،مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری میر اسماعیل لہڑی ،صوبائی رہنماء میر عبدالفتاح جمالی اور میڈیا کوآرڈینیٹر برائے میڈیا سیل ایچ ایم وطن یار نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کو صوبے کے عوام نے دل سے قبول کرتے ہوئے سیاست میں اس انقلابی تبدیلی کو سراہا ہے، انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بی اے پی بلوچستان کے عوام کی اپنی جماعت ہے اور دوسروں کی تسلط سے آزاد ہے اب صوبے کے تمام سیاسی اور دیگر فیصلے یہاں ہونگے اور یہی ایک بڑی تبدیلی ہے،بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام اور ورکروں کی پارٹی ہے اور اس کی قیادت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے مشن سے مخلص ہے، انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت بی اے پی ہی بنائیگی پارٹی کو جو عوامی تائید وحمایت اس کم ترین وقت میں مل چکی ہے، وہ لوگ چالیس سال سیاست کرکے بھی حاصل نہیں کرسکے ہیں کیونکہ ان کے قول وفعل میں تضاد پایا جاتاہے اور ہمیشہ ذاتی مفادات کی سیاست ان کی ترجیح رہی ہے، انہوں نے ہمیشہ خوشنماء نعروں سے عوام کو ورغلایا ہے، بی اے پی کے قیام اور شاندار کامیابی نے یہ ثابت کردیا کہ بلوچستان میں اب نعروں اور ذاتی مفادات کی سیاست کو عوام مسترد کر چکی ہے اور سیاست کے حقیقی اور نئے دور کا آغاز ہوچکاہے۔

متعلقہ عنوان :