پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پانی کی تقسیم کے معاملے پر بیان کو کاشتکاروں اور کسانوں کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیدیا

پاکستان کی بدقسمتی ہے، شاہد خاقان عباسی بھی اپنے پیشرو نااہل وزیراعظم کی پیروی کر رہا ہے، ترجمان وسینیٹر عاجز دھامرہ

جمعہ 25 مئی 2018 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان و سینیٹر عاجز دھامراہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اس بیان کو سندھ کی عوام اور خاص طور پر کاشتکاروں اور کسانوں کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر حکومت سندھ کو پانی کی تقسیم پر اعتراض ہے تو وہ یہ معاملہ مشترکہ مفادات کائونسل میں لے جائے۔

عاجز دھامراہ نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے، شاہد خاقان عباسی بھی اپنے پیشرو نااہل وزیراعظم کی پیروی کر رہا ہے، جس نے ہمیشہ خود کو پانچ ڈویژنز کا وزیراعظم ثابت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ شدید خشک سالی کا شکار ہے، جہاں زراعت تو دور، عوام اور ان کے مویشیوں کے لیئے پانی دستیاب نہیں، لیکن چشمہ جلہم لنک کئنال کے ذریعے پنجاب کی زراعت کے لیئے اس کے جائز حصے سے بہت وافر مقدار میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

عاجز دھامراہ نے کہا کہ اس تمام صورتحال سے واقف ہونے کے باوجود وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سندھ کو مشترکہ مفادات کائونسل سے رجوع کرنے کا مشورہ دینا اپنے فرائض منصبی سے پہلو تہی ہے۔ اصولا وزیراعظم کو صورتحال کا نوٹیس لینا چاہیئے تھا اور صوبوں کے درمیان پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیئے، فی الفور چشمہ جہلم لنک کئنال بند کرنے حکم جاری کرنا چاہیئے تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے اس طرح کے اقدامات چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی کو تقویت دیتے ہیں، جو کسی صورت وفاق کی مفاد میں نہیں۔ عاجز دھامراہ نے مزید کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دل بہت چھوٹا نکلا، ورنہ اور کچھ نہ سہی، کم از کم پویلیئن لوٹنے سے ایک ہفتہ پہلے صرف بیان کی حد تک ہی کوئی ایسی بات کرتے کہ چھوٹے صوبوں کی عوام کو اپنائیت کا احساس ہوتا، لیکن ان سے یہ امید بھی نہ رہی، وگرنہ جھوٹے وعدے اور دعوے نون لیگیوں کا وطیرہ ہے۔