ملٹری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اسد درانی کو اپنی پوزیشن واضح کرنی ہوگی، پاک فوج کا کوئی سابق افسر بھی ملکی مفاد کے خلاف کوئی بات کرے گا تو اس کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا، سیکیورٹی ذرائع

ہفتہ 26 مئی 2018 00:00

ملٹری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اسد درانی کو اپنی پوزیشن واضح کرنی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) آئی ایس آئی کے سابق ڈائریکٹر جنرل اسد درانی کی کتاب پر فوج کے تحفظات سامنے آ گئے ۔ سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ اس کتاب میں بہت سے موضوعات حقائق کے برعکس بیان کی گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسد درانی کو ان بیانات پر پوزیشن واضح کرنے کے لیے جی ایچ کیو طلب کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ملٹری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اسد درانی کو اپنی پوزیشن واضح کرنی ہوگی اور یوں عسکری قیادت نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اگر پاک فوج کا کوئی سابق افسر بھی ملکی مفاد کے خلاف کوئی بات کرے گا تو اس کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی نے سابق 'را' چیف اے ایس دلت کے ساتھ مل کر لکھی گئی کتاب 'دی سپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوڑن آف پیس' میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم معاملات پر بات کی ہے۔

(جاری ہے)

کتاب میں جن معاملات پر روشنی ڈالی گئی، اٴْن میں کارگل آپریشن، ایبٹ آباد میں امریکی نیوی سیلز کا اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا آپریشن،کلبھوشن یادیو کی گرفتاری، حافظ سعید، کشمیر، برہان وانی اور دیگر معاملات شامل ہیں۔

اس کتاب پر پاکستان کی سیاسی قیادت نے سنگین خدشات ظاہر کیے ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسددرانی کی کتاب پرقومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ قومی سانحات اور سلامتی سے متعلق معاملات پر انکوائری کے لیے قابل اعتبار قومی کمیشن بنایا جائے ، ملک میں ایک وقت میں دو تین حکومتیں نہیں چل سکتیں۔

سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے پاکستان اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کے دو سابق سربراہوں کی کتاب 'دی سپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوڑن آف پیس' کی اشاعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ کتاب کسی سویلین یا سیاستدان نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر لکھی ہوتی تو اس پر 'غدار' کا فتویٰ لگا دیا جاتا۔ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کی جی ایج کیو طلبی کی تصدیق ڈی جی آئی آئی ایس پی آر نے بھی کردی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسد درانی کو 28 مئی کو جی یچ کیو حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔