میچ اور سپاٹ فکسنگ کے بعد کرکٹ میں ”وکٹ فکسنگ‘ ‘کی سازش پکڑی گئی

گال سٹیڈیم کے گراﺅنڈ سٹاف نے سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان 6 نومبر کو ہونےوالے میچ کےلئے وکٹ فکسنگ کی یقین دہانی کرائی، سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس بھی سازش میں شامل

ہفتہ 26 مئی 2018 11:20

میچ اور سپاٹ فکسنگ کے بعد کرکٹ میں ”وکٹ فکسنگ‘ ‘کی سازش پکڑی گئی
گال(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مئی 2018ئ) کرکٹ میں کرپشن کا ایک اور اسکینڈل بے نقاب ہوگیا ،میچ اور سپاٹ فکسنگ کے بعد اب سری لنکا میں ”وکٹ فکسنگ“ کی سازش پکڑی گئی۔برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گال کرکٹ سٹیڈیم کے گراﺅنڈ سٹاف نے سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان رواں برس 6 نومبر کو ہونے والے ٹیسٹ میچ کے لیے ”وکٹ فکسنگ“ کی یقین دہانی کروائی ہے اور اس سازش میں سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس اور گال کرکٹ سٹیڈیم کے اسسٹنٹ مینیجر تھرانگا اندیکا شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انڈر کور رپورٹر، بزنس مین کے روپ میں گال کرکٹ سٹیڈیم کے سٹاف سے ملا اور ان سے ہونے والی خفیہ طور پر اس بات چیت کی ویڈیو بھی ریکارڈ کرلی۔

(جاری ہے)

مذکورہ رپورٹر نے سٹیڈیم کے سٹاف سے پوچھا کہ” کیا یہ ٹیسٹ میچ 4 دن میں ختم ہوجائے گا“؟جس پر ”وکٹ فکسر“ تھرانگا اندیکا نے رپورٹر کو جواب دیا،” چار دن کی کیا بات کرتے ہو،ہم میچ ڈھائی دن میں ہی ختم کردیں گے“۔

مذکورہ وکٹ فکسر نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان2017ءکے گال ٹیسٹ کی وکٹ کو بھی”فکس“ کرنےکا اعتراف کیا، اس میچ میں بھارت نے 6 سو سے زائد رنز بنائے تھے۔دی ٹیلی گراف کی مکمل رپورٹ ہفتے کے روز نشر کی جائےگی جب کہ عرب ٹی وی چینل” الجزیرہ“ پر اس حوالے سے ڈاکیومینٹری اتوا ر کے روز نشر کی جائے گی۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مکمل طور پر منظر عام پر آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس ممبئی کی جانب سے کرکٹ کھیل چکے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی دنیائے کرکٹ میں سپاٹ فکسنگ اورمیچ فکسنگ کے کئی سکینڈل سامنے آچکے ہیں جب کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پونے کرکٹ گراﺅنڈ کا ایک کیوریٹر بھی پیسوں کے عوض بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین شیڈول دوسرے ون ڈے کے لیے پچ کی صورتحال تبدیل کرنے پر آماد ہ ہوگیا تھا ۔