عاطف اسلم چوتھی بار سلمان خان کی آواز بن گئے

ہفتہ 26 مئی 2018 12:16

عاطف اسلم چوتھی بار سلمان خان کی آواز بن گئے
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) تین سپر ہٹ گانوں کے بعد عاطف اسلم چوتھی بار پھر سلمان خان کی آواز بن گئے اور ان کے ریس تھری کے نئے گانے کی ویڈیو ریلیز کردی گئی۔بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستانی گلوکاروں اور فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد ہے تاہم بالی وڈ کے ’بھائی جان‘ سلمان خان کو یہ پابندی کسی صورت قبول نہیں ۔

(جاری ہے)

سلمان خان نے پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں پر پابندی کے باوجود عاطف اسلم سے اپنی فلم ’ریس 3‘ کیلئے گیت گوایا ہے اور خاص بات یہ ہے کہ سلمان خان نے اس گیت کو خود لکھا ہے جسے عاطف اسلم اور لولیا وینتر نے اپنی آواز دی ہے۔یہ گیت سلمان خان، بوبی دیول ، جیکولین فرنینڈس اور ڈیزی شاہ پر فلمایا گیا ہے جبکہ اس گیت کے موسیقار وشال مشرا ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عاطف اسلم سلمان خان کے لئے پہلے بھی تین گانے گا چکے ہیں۔سلمان خان نے اسپیشل گیت کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مداحوں کیلئے شیئر کیا ہے جسے چند ہی منٹوں میں یوٹیوب پر 11 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔